گورنر سندھ کا لیاری میں عمارت گرنے سے بے گھر ہونیوالوں کو 80، 80 گز کے پلاٹ دینے کا اعلان

گورنرسندھ کامران ٹیسوری نے کراچی کے علاقے لیاری میں گرنے والی عمارت کے متاثرین کو 80، 80 گز کے پلاٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سانحہ لیاری کےمتاثرین گورنر ہاؤس آکر خود کو رجسٹرڈ کرائیں، سندھ حکومت متاثرین کو 6 ماہ کے مساوی کرائے کی رقم ادا کرے۔ گورنر کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی بنائی ہوئی کمیٹی پر سیاست نہیں کریں گے، چہروں کے بجائے سسٹم بدلنے کی ضرورت ہے، سندھ حکومت کی تحقیقاتی کمیٹی کا قیام خوش آئند ہے، لیاری میں عمارت گرنے کا سانحہ انتہائی دردناک ہے، لیاری میں اچانک عمارت بیٹھ گئی، لوگوں کو سنبھلنے کا موقع تک نہیں ملا۔ انہوں نے کہا کہ ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی (ایس بی سی اے) کو برطرف کرنا اچھا اقدام ہے، لیکن چہروں کے بجائے سسٹم میں تبدیلی لانی چاہیے، عمارت گرنے کے سانحے پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، متاثرین کی ہر ممکن امداد یقینی بنائی جائے گی۔ گونر سندھ نے کہا کہ اپنے بھائیوں اور بہنوں سمیت سب کویقین دلاتا ہوں مایوس نہیں کروں گا، سانحہ لیاری میں جاں بحق افراد کے ورثا کو پلاٹ دیے جائیں گے، سرکاری رہائشی اسکیموں میں تاخیر کی وجہ سے لوگ پورشن لینے پر مجبور ہوتے ہیں، سانحہ لیاری کے متاثرین کے لیے ہیلپ لائن قائم کر رہے ہیں۔ کامران ٹیسوری نے کہا کہ بےگھر خاندانوں کو گورنر ہاؤس سے راشن ملے گا، سانحہ لیاری کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کی جائے گی، نئے ڈی جی ایس بی سی اے سے کہوں گا کہ 24 گھنٹے کام ہونا چاہیے، ہمارے دروازے سانحہ لیاری کےمتاثرین کے لیے 24 گھنٹے کھلے ہیں۔