پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان دو طرفہ مذاکرات، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور یورپی یونین نے سیکیورٹی اور انسداد دہشت گردی سمیت دیگر شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان برسلز میں ’ 10واں سیاسی مکالمہ ’ ہوا، جس میں علاقائی اور عالمی امور سمیت کثیر الجہتی تعاون پر بات چیت کی گئی، دونوں فریقین نے اس موقع پر سیکیورٹی سے متعلق مکالمے اور گفتگو کو مزید گہرا کرنے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ’ یورپی یونین اور پاکستان نے 2019 میں دستخط شدہ اسٹریٹجک انگیجمنٹ پلان (ایس ای پی) پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ کیا، دونوں فریقین ایس ای پی کے تحت شامل تمام شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔’
اس کے علاوہ دونوں فریقین نے جی ایس پی پلس فریم ورک کے تحت قریبی رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق کیا، انہوں نے ہجرت کے مختلف پہلوؤں پر بامعنی تعاون کو تسلیم کیا ، واضح رہے کہ ’ جامع ہجرت اور نقل و حرکت پر تیسرا مکالمہ ’ 2025 کے آخر میں ہوگا۔
یورپی یونین کی پاکستان میں سفیر ڈاکٹر رینا کیونکا نے مارچ میں اعلان کیا تھا کہ یورپی کمپنیاں پاکستان کو ایک ممکنہ کاروباری منزل کے طور پر تسلیم کر رہی ہیں اور اقتصادی شراکت داری کے نئے مواقع تلاش کر رہی ہیں۔
یورپی یونین پاکستان کا دوسرا بڑا تجارتی شراکت دار ہے، جبکہ جی ایس پی پلس کا درجہ پاکستان کو یورپی برآمدات پر ڈیوٹی فری یا کم سے کم ڈیوٹی کا فائدہ دیتا ہے۔
دفتر خارجہ کے مطابق یورپی یونین اور پاکستان نے سیکیورٹی امور بشمول انسداد دہشت گردی اور انسداد منشیات کے حوالے سے کثیر الجہتی تعاون کی اہمیت کو تسلیم کیا۔
پریس ریلیز میں کہا گیا کہ’ دونوں فریقین نے ہر قسم کی دہشت گردی کی مذمت کی، دونوں نے متنازع مسائل کے حل کے لیے مکالمے اور سفارت کاری کی بنیاد پر کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا اور بین الاقوامی قانون اور بین الاقوامی معاہدوں و معاہداتی احترام کی اہمیت کو اجاگر کیا۔’
دفتر خارجہ نے کہا کہ دونوں فریقین نے یوکرین اور بھارت کے زیرِ قبضہ کشمیر کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا اور بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کے اصولوں کے احترام کے ساتھ تنازعات کے پُرامن حل کی ضرورت پر زور دیا۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ’انہوں نے غزہ میں انسانی صورتحال کو بہتر بنانے کی فوری ضرورت پر اتفاق کیا، دونوں فریقین نے جنگ بندی کی بحالی کا مطالبہ کیا اور فلسطین میں منصفانہ، دیرپا اور جامع امن کے لیے دو ریاستی حل کے مطابق اقدامات کی حمایت کا اظہار کیا۔’
پاکستان اور یورپی یونین نے 2025 میں ساتویں اسٹریٹجک ڈائیلاگ کے انعقاد کی خواہش کا اعادہ کیا تاکہ پاکستان-یورپی یونین تعاون کو مزید مضبوط کیا جا سکے۔
دفتر خارجہ کے مطابق دونوں نے آئندہ سال اسلام آباد میں اگلے’ پولیٹیکل ڈائیلاگ’ منعقد کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
پاکستان کے وفد کی قیادت خارجہ سیکریٹری آمنہ بلوچ جبکہ یورپی یونین کے وفد کی سربراہی یورپی ایکسٹرنل ایکشن سروس کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل اولوف سکُوگ نے کی۔