جگن کاظم نے علیزے شاہ سے معافی مانگ لی

اداکارہ و ٹی وی میزبان جگن کاظم نے اداکارہ علیزے شاہ سے معافی مانگتے ہوئے اپنی غلطی کا اعتراف کرلیا۔ علیزے شاہ نے کچھ دن قبل انسٹاگرام اسٹوریز میں بتایا تھا کہ گلوکارہ شازیہ منظور نے جان بوجھ کر انہیں ریمپ پر گرایا تھا اور انہیں گرانے کے واقعے پر ان کا مذاق اڑایا گیا۔ علیزے شاہ کا کہنا تھا کہ انہیں جان بوجھ کر گرانے پر ٹی وی میزبان جگن کاظم نے بھی پیروڈی کی اور شازیہ منظور کے ساتھ ان کی طرح گرنے کا سین کرکے ان کا مذاق اڑایا۔ علیزے شاہ نے مزید کہا تھا کہ وہ جگن کاظم کی بہت عزت کرتی تھیں لیکن ان کا مذاق اڑانے کے بعد انہوں نے ان کی عزت کرنا چھوڑ دی۔ علیزے شاہ کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد اب جگن کاظم نے ان سے معافی مانگ لی۔ جگن کاظم نے یوٹیوب پر جاری کردہ اپنی ویڈیو میں علیزے شاہ کو بیٹا کہا اور پھر ان سے معافی مانگی اور کہا کہ انہیں اپنی غلطی کا احساس ہوگیا، انہیں معلوم نہیں تھا کہ ان کی بات پر علیزے شاہ کو دکھ ہوا ہوگا۔ جگن کاظم نے کہا کہ چار سال قبل انہیں بتایا گیا تھا کہ شازیہ منظور کے ساتھ گرنے کے واقعے پر علیزے شاہ بھی خوش ہیں۔ ٹی وی میزبان کے مطابق انہوں نے علیزے شاہ کے خوش ہونے کی بات سن کر ان کے گرنے کے انداز کی پیروڈی کی لیکن انہیں اندازہ نہ تھا کہ ان کا عمل کسی کی تکلیف کا سبب بنے گا۔ جگن کاظم نے علیزے شاہ کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ اگر وہ چار سال قبل ہی انہیں بتاتیں کہ انہیں ان کے مذاق پر تکلیف ہوئی تو وہ ان سے فوری طور پر معافی مانگتیں۔ ٹی وی میزبان نے اپنے عمل پر اظہار ندامت کرتے ہوئے علیزے شاہ سے معافی مانگی اور کہا کہ وہ اپنے عمل پر شرمندہ ہیں، انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے تھا۔ جگن کاظم نے سوشل میڈیا صارفین اور شائقین کو بھی التجا کی کہ وہ شوبز شخصیات کو آن لائن ٹرولنگ کا نشانہ بنانا بند کریں، ان کی ٹرولنگ کسی کی ذہنی صحت پر منفی اثرات مرتب کر سکتی ہے۔