واٹس ایپ اسٹیٹس میں گروپس کو مینشن کرنے کے فیچر کی آزمائش

انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ پر ایک ایسے دلچسپ فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے، جس سے صارفین کے اسٹیٹس یا اسٹوریز کو زیادہ سے زیادہ افراد دیکھ سکیں گے۔ جی ہاں، واٹس ایپ پر ایک ایسے فیچر کو آزمایا جا رہا ہے، جس کے ذریعے کوئی بھی صارف اپنے تمام گروپس کو بھی اسٹیٹس میں مینشن کر سکے گا۔ اس وقت واٹس ایپ اسٹیٹس پر صارف صرف اپنے دوستوں اور محفوظ کیے گئے نمبرز کو مینشن کرسکتا ہے، گروپس کو مینشن کرنے کا فیچر دستیاب نہیں، لیکن جلد ہی نیا فیچر بھی پیش کردیا جائے گا۔ واٹس ایپ کی اپڈیٹس پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ کے مطابق کمپنی نے نئے فیچر کی محدود آزمائش شروع کردی۔ فیچر کے تحت صارف کسی بھی گروپ کو اسٹیٹس میں مینشن کر سکے گا، جس کے بعد اسٹیٹس شیئر ہونے کا نوٹیفکیشن تمام گروپ میمبرز کو چلا جائے گا۔ فیچر کے تحت گروپ میں شامل تمام ارکان مینشن کیے جانے کے بعد الگ الگ نوٹی فکیشن وصول کریں گے اور وہ نہ صرف اسٹیٹس کو دیکھ سکیں گے بلکہ وہ چاہیں تو اسٹیٹس یا اسٹوری کو ری شیئر بھی کر سکیں گے۔ فیچر کے مطابق گروپ میں شامل وہ افراد بھی نوٹی فکیشن وصول کر پائیں گے، جنہیں صارف نے بلاک کر رکھا ہوگا لیکن چوں کہ وہ گروپ کا حصہ ہوں گے، اس لیے وہ فیچر کے تحت نوٹی فکیشن وصول کر پائیں گے اور صارف کا اسٹیٹس بھی دیکھ سکیں گے۔ ابھی مذکورہ فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے، بعد میں اس تک زیادہ صارفین کو رسائی دی جائے گی، جس کے بعد اسے پیش کیے جانے کا امکان ہے۔ ممکنہ طور پر مذکورہ فیچر کو آئندہ چند ماہ میں عام صارفین کے لیے پیش کردیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔