واٹس ایپ بزنس میں اے آئی اور وائس کالنگ کی سہولت متعارف
میٹا نے واٹس ایپ بزنس کے صارفین کے لیے جدید فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن میں وائس کالنگ اور مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی مدد سے خودکار گفتگو اور مصنوعات کی تجاویز شامل ہیں، یہ تبدیلی کاروباری رابطوں کو مزید مؤثر اور آسان بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، میٹا نے میامی میں منعقدہ ’کنورژیشنز 2025‘ تقریب کے دوران واٹس ایپ بزنس پلیٹ فارم کے لیے دو بڑے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
نئے فیچر کے تحت اب بڑی کمپنیاں واٹس ایپ بزنس اے پی آئی کے ذریعے صارفین کو کال بیک فراہم کر سکیں گی، یعنی صارف کال کرے گا اور کاروبار اس کے جواب میں خود کال کرے گا، اس کے علاوہ بزنس پیغامات میں وائس نوٹس بھی شامل کیے جائیں گے۔
یہ فیچر صحت، مالیات یا سفر جیسے شعبوں میں براہِ راست رابطے کے لیے خاص طور پر مفید ثابت ہوگا۔
کمپنیاں اے آئی وائس ایجنٹس بھی سیٹ کر سکیں گی، جو کوال، ایلون لیبز، ویپی اور فونک جیسے پلیٹ فارمز کے ذریعے خودکار گفتگو انجام دیں گے۔
علاوہ ازیں، مصنوعاتی سفارشات کے لیے بھی اے آئی حل شامل کیا جا رہا ہے، جو صارف کی دلچسپی کے مطابق مصنوعات تجویز کرے گا اور واٹس ایپ پر خریداری کا عمل آسان بنائے گا۔
ایڈز منیجر میں بھی ترمیم کی گئی ہے تاکہ کمپنیاں ایک ہی پلیٹ فارم سے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹاگرام پر اپنی مہمات (Campaigns) چلا سکیں۔
اے آئی فیچر خودکار طور پر مہم کے بجٹ اور نوعیت کو بہترین طریقے سے ترتیب دے گا۔
میٹا کی یہ نئی اپ ڈیٹس واٹس ایپ بزنس کو صرف پیغام رسانی کا ذریعہ نہیں، بلکہ ایک مکمل کاروباری مواصلاتی ہب بنا دیتی ہیں، جہاں کال، اے آئی گفتگو، اشتہارات اور مصنوعاتی سفارشات سب کچھ ایک ہی پلیٹ فارم پر دستیاب ہوگا۔