پنجاب: 24 گھنٹوں کے دوران بارش سے 28 افراد جاں بحق ہوئے، ریسکیو حکام

مون سون بارشوں سے صوبہ پنجاب میں جان و مالی نقصانات کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے میں کم از کم 28 افراد جاں بحق اور 90 زخمی ہو گئے ہیں۔ لاہور میں چھتیں گرنے کے واقعات میں 12 افراد، فیصل آباد میں 8، شیخوپورہ میں 3، اوکاڑا میں 2، پاکپتن، ننکانہ صاحب، ساہیوال میں ایک، ایک شخص اپنے جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے۔ ترجمان ریسکیو پنجاب فاروق احمد کے مطابق شدید بارشوں کے دوران دیواریں اور چھتیں گرنے سے زخمی ہونے والے افراد کو مقامی ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔ دریائے جہلم میں سیلاب کی وارننگ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے دریائے جہلم میں اونچے درجے کے سیلابی کی پیش گوئی کی ہے، پی ڈی ایم اے کے مطابق منگلا اپ اسٹریم کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 50 ہزار سے 4 لاکھ 50 ہزار کیوسک کے درمیان ہو سکتا ہے، دریائے جہلم میں پانی کے تیز بہاؤ کے باعث ذیلی نالوں میں بھی آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے ڈائریکٹر جنرل عرفان علی کاٹھیا نے بتایا کہ زخمی افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کی جارہی ہیں، جبکہ اس دوران جان کی بازی ہارنے والے افراد کے اہلخانہ کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جار ہی ہیں۔ انہوں نے تیز بارشوں اور سیلابی صورتحال کے دوران شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے شہریوں سے درخواست کی اور کہا کہ موجودہ صوررتحال کے دوران پرانے مٹی کے گھروں میں رہائش کو ترک کر دیں کیونکہ بیشتر حادثات کے واقعات مٹی کے بنے اور خستہ حال گھروں کی چھتیں گرنے کے باعث پیش آرہے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بچوں کی حفاظت کریں اور انہیں الیکٹرک اشیا، پولز اور نشیبی علاقوں میں جانے سے روکیں۔ ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق رواں برس مون سون بارشوں سے اب تک 77 افراد مختلف حادثات میں جاں بحق جبکہ 214 زخمی ہو چکے ہیں، اس دوران 74 گھروں کو نقصان پہنچا جب کہ 6 مویشی بھی مختلف واقعات ہلاک ہو چکے ہیں۔ پنجاب کے مختلف شہروں میں تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، شیخوپورہ میں ریکارڈ 217، اوکاڑہ میں 170، چیچہ وطنی میں 130، حافظ آباد میں 90، قصور میں 85 اور ساہیوال میں 80 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہور میں 170، فیصل آباد میں 60، منڈی بہا الدین میں 32 اور جہلم میں 29 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ راولپنڈی، سیالکوٹ، میانوالی، ملتان، گجرات، لیہ، سرگودھا، راجن پور، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔ لاہور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ساہیوال، سرگودھا، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور ڈویژنز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق مون سون کا حالیہ اسپیل 17 جولائی تک جاری رہے گا۔ ترجمان پی ڈی ایم اے نے مزید کہا کہ آج پنجاب کے مختلف علاقوں میں مزید بارشیں متوقع ہیں، جب کہ لاہور سمیت دریاؤں کے بالائی علاقوں میں تیز بارشوں کا امکان ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے کنٹرول روم اور ضلعی ایمرجنسی آپریشنز الرٹ پر ہیں۔ ترجمان کے مطابق لاہور، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، بہاولپور، جہلم، اٹک، چکوال، مری، گلیات، میانوالی، نارووال، گجرات، سیالکوٹ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، منڈی بہاو الدین، اور ڈیرہ غازی خان میں تیز ہواؤں کے ساتھ مزید بارشوں کا امکان ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تیز بارشوں کے باعث نشیبی علاقوں میں دریاؤں اور نہروں میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا امکان ہے، ساتھ ہی مری کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے بھی خطرات بڑھ گئے ہیں۔ ادارے نے سیاحوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہےکہ بارشوں کے اس سیزن کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔