عمران خان کو خوراک ، مطالعے، ورزش سمیت بی کلاس کی تمام سہولیات حاصل ہیں، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل

سپرنٹنڈنٹ جیل راولپنڈی کا کہنا ہے کہ بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) اور سابق وزیراعظم عمران خان کو جیل میں قانون و قاعدے کے مطابق بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں جس میں ان کی خوراک صحت ، مطالعہ کتب واخبارات سمیت ورزش اور واک شامل ہیں۔ سپرنٹنڈنٹ جیل راولپنڈی کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جیل ہٰذا میں قانون وقاعدہ کے مطابق بی کلاس کی تمام سہولیات میسر ہیں جس میں ان کی خوراک، صحت ، مطالعہ کتب واخبارات سمیت ورزش اور واک شامل ہیں۔ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو بی کلاس کی تمام سہولتیں میسر ہیں، تاہم ان کو سات سیلز پر مشتمل کمپلیکس میں رکھا گیا ہے اور وہاں چہل قدمی کے لیے کھلا صحن بھی موجود ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے پاس ایکسر سائز کے لیے سائیکل، ایل ای ڈی، اخبارات اور ذاتی انتخاب کے مطابق کتب کی سہولت بھی میسر ہے، مذکورہ سہولیات دیگر بی کلاس کے اسیر ان کو میسر نہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ یہاں بانی پی ٹی آئی کو اپنا کھانا تیار کروانے کے لیے باقاعدہ ایک قیدی تک فراہم کیا گیا ہے جو کہ ان کا ناشتہ، دوپہر اور شام کا کھانا ان کی اپنی خواہش کے مطابق پر تیار کرتاہے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل راولپنڈی کے مطابق بانی پی ٹی آئی جب سے جیل میں ہیں انہوں نے 413 مرتبہ ایکس پر پوسٹ کی ہے، جس سے انہوں نے اپنے پارٹی ورکرز کو اہم ملکی سیاسی سرگرمیوں کے بارے میں ہدایات جاری کی ہیں جیسا کہ عام انتخابات 2024 ضمنی انتخابات سمبڑ یال، پی ٹی آئی کا26 نومبر 2024 کا احتجاج، حکومت کے ساتھ مذاکرات یا 26 آئینی ترمیم کے بارے میں پارٹی کا لائحہ عمل شامل ہیں۔ گزشتہ 12 ماہ سے بھی کم عرصے میں یعنی اگست 2024 سے اب تک بانی پی ٹی آئی کے بیانات 145 اہم مواقع پر سرخیاں بن چکے ہیں ، مزید یہ کہ 2024 سے تا حال 10 بین الاقوامی میڈیا چینلز کے ساتھ بھی ہاہمی تعامل کر چکے ہیں، جن میں فوکس نیوز، WSJ نیوز، رائٹرز، ٹیلی گراف اور دیگر بین الاقوامی چینلز شامل ہیں۔ وضاحتی بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ علاوہ ازیں روزانہ کی بنیاد پر اندرون جیل ہونے والی مختلف عدالتی سماعتوں کے دوران تمام میں اسٹریم میڈیا چینلز اور اخبارات کے صحافیوں سے براہ راست سارا سارا دن مخاطب رہے ہیں۔ علاوہ ازیں گزشتہ 3 ماہ میں 66 خواتین وحضرات جن میں پانی پی ٹی آئی کی پارٹی کے سیاسی لیڈر فیملی ممبرز اور وکلا ملاقاتیں کی ہیں۔ بیان کے مطابق جیل میں متعین ڈاکٹرز دن میں تین مرتبہ مذکورہ حوالات کا طبی معائنہ کرتے ہیں، گزشتہ دو ہفتوں کے طبی معائنے کے دوران مذکورہ قیدی کوکسی بھی قسم کی بیماری یا عارضہ رپورٹ نہیں ہوا ہے اور وہ مکمل طور پر صحت مند ہیں اور ان کے وائٹلز بالکل مقررہ معیار کے مطابق ہیں۔ مزید برآں پانی پی ٹی آئی کو واک اور ایکسر سائز کی مکمل سہولیات میسر ہیں اور اپنے احاطہ کے کھلے صحن میں دو گھنٹے ہر روز ایکسر سائر کرتے ہیں اور جیل قواعد و ضوابط اور گورنمنٹ کی طرف سے بی کلاس کی جاری کردہ سہولیات میں جیل انتظامیہ ان کی حفاظت سیکیورٹی اور صحت کے حوالے سے اپنے فرائض منصبی بھر پور انداز میں ادا کر رہی ہے۔ وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے جو خبریں اور افواہیں پھیلائی جارہی ہیں اس میں کسی بھی قسم کی کوئی صداقت نہیں، اور یہ صرف سنسنی پھیلانے اور ستی شہرت کے حصول کے لیے کیا جارہا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ جیل راولپنڈی کے مطابق بانی پی ٹی آئی جیل میں مقید کسی بھی اسیر سے زیادہ سہولیات اور مراعات حاصل کر رہے ہیں اوران کے ساتھ کوئی امتیازی سلوک روا نہیں رکھا جاتا۔