کراچی ایئرپورٹ پر غیر ملکی کارگو طیارے سے لوڈر گاڑی ٹکرا گئی، واقعے کی تحقیقات شروع

کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر غیر ملکی کارگو طیارے سے لوڈر گاڑی ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں غیر ملکی طیارے کو نقصان پہنچا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ کراچی ایئرپورٹ پر طیارہ پارکنگ میں کھڑا تھا، اچانک لوڈر گاڑی کے بریک فیل ہوگئے، ایئرپورٹ حکام نے کارگو طیارے سے گاڑی ٹکرانے کے واقعے کی تصدیق کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے کراچی میں جناح انٹرنیشل ایئرپورٹ پر گراؤنڈ ہینڈلنگ کے دوران نجی کمپنی کے طیارے کو نقصان پہنچنے پر تحقیقات شروع کردیں۔ پی اے اے کا کہنا ہے کہ جناح ایئرپورٹ پر گزشتہ رات گراؤنڈ ہینڈلنگ کے دوران نجی کمپنی کے طیارے کو نقصان پہنچا تھا، گراؤنڈ ہینڈلنگ کے دوران طیارے کو نقصان پہنچا جس کی تحقیقات شروع کی گئی ہیں۔ نجی کمپنی کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔ ایئرپورٹ کے رن وے اور اطراف میں فیومیگیشن اسپرے مون سون بارشوں کے نتیجے میں کراچی ایئرپورٹ کے رن وے اور اطراف میں کیڑے مکوڑوں کی بڑی تعداد موجود ہے، ایئرپورٹ انتظامیہ نے رن وے پر فیومیگیشن اور اسپرے کا عمل شروع کر دیا۔ ایئرپورٹ حکام کے مطابق رن وے پر بارش کے بعد کیڑے مکوڑے دیکھ کر پرندے آتے ہیں، جو طیاروں کے لیے بڑا خطرہ ہوتے ہیں۔ ایئرپورٹ پر پرندوں کی موجودگی کے باعث تمام ایئرلائنز کو آگاہی دے دی گئی ہے، ایئرلائنز کے کپتانوں کو کراچی ایئرپورٹ پر لینڈنگ اور ٹیک آف کے دوران انتہائی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس حوالے سے جاری نوٹم کے مطابق 4 جولائی تک کراچی ایئرپورٹ اور اطراف بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے، گزشتہ روز بھی کراچی ایئرپورٹ پر 2 طیاروں سے پرندے ٹکرانے کے واقعات پیش آئے تھے۔