پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنی ٹیم میں شامل کرنے پر شاہ رخ خان مشکل میں پھنس گئے
کیربین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) میں بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کی فرنچائز ٹرنباگو نائٹ رائیڈز میں پاکستانی کرکٹرز محمد عامر اور عثمان طارق کو شامل کر لیا گیا جس پر اداکار کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سی پی ایل میں شاہ رخ کی فرنچائز ٹرنباگو نائٹ رائیڈز سے معاہدہ کرنیوالے 2 پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد عامر اور محمد عثمان طارق شامل ہیں۔
محمد عامر اس سے قبل بھی سی پی ایل کے 4 سیزن کھیل چکے ہیں لیکن وہ پہلی بار شاہ رخ خان کی ٹیم کی نمائندگی کریں گے، وہ سی پی ایل کے 39 میچز میں 51 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔
دوسری جانب، عثمان طارق پی ایس ایل 2025 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے لیے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرچکے ہیں، انہوں نے پی ایس ایل 10 میں 10 وکٹیں حاصل کی تھیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہندو انتہاپسندوں کی جانب سے شاہ رخ خان کو پاکستانی کھلاڑیوں کو نائٹ رائیڈرز ٹیم میں شامل کرنے پر نہ صرف نتقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے بلکہ انہیں دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔
سوشل میڈیا پر بھارتی صارفین کی جانب سے شاہ رخ خان کے اس فیصلے پر شدید تنقید کی جارہی ہے جب کہ بعض سیاسی حلقوں نے بھی بولی وڈ کنگ کے اس فیصلے پر اعتراض کیا ہے۔
یاد رہے کہ بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کے سیاحتی مقام پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان سرحدی کشیدگی عروج پر ہے۔
ہندو انتہاپسندوں نے ہمیشہ کی طرح ایک بار پھر شاہ رخ خان پر غداری کا الزام عائد کرتے ہوئے لکھا ’یہ فیصلہ ’قوم کے جذبات کے خلاف‘ ہے اور ایسے حالات میں پاکستانی کھلاڑیوں کی پذیرائی ’محب وطن‘ ہونے پر سوالیہ نشان لگاتی ہے۔
تاہم، اس معاملے پر شاہ رخ خان کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری ردعمل سامنے نہیں آیا۔
خیال رہے کہ پاکستان کے 5 کرکٹرز کیریبین پریمیئر لیگ 2025 کے ڈرافٹ میں منتخب کیے گئے ہیں، ان میں پاکستانی قومی ٹیم کے محمد عامر اور عثمان طارق بھی ہیں جنہیں شاہ رخ خان کی ٹیم ٹرنباگو نائٹ رائیڈز میں شامل کیا گیا ہے۔