’کولڈ پلےکنسرٹ‘ میں خاتون عہدیدار کے ساتھ نظر آنے والے ٹیک کمپنی کے سی ای او چھٹی دے دی گئی
امریکی ٹیک کمپنی کے سی ای او کو ’کولڈ پلے کنسرٹ‘ میں خاتون عہدیدار کے ساتھ گلے میں ہاتھ ڈال کر کھڑے ہونے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد چھٹی پر بھیج دیاگیا۔
میڈیا اداروں کی رپورٹس کے مطابق امریکی ٹیک کمپنی ایسٹرونومر نےکولڈ پلے کے کنسرٹ کے دوران اپنے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) اینڈی بائرن کے خاتون عہدیدار کے ساتھ بڑی اسکرین پر نظر آنے اور بعد ازاں دونوں کے بغل گیر ہونے کی ویڈیو وائرل ہونے پر چیف ایگزیکٹیو آفیسر کو چھٹی پر بھیج دیا ہے۔
وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیلٹ اسٹیڈیم میساچوسٹس میں منعقدہ کولڈ پلے کے کنسرٹ کے دوران دونوں کو ایک ساتھ دیکھاگیا، جیسے ہی کیمرا ان دونوں کے چہرے دکھاتا ہے، وہ فوراً شرمندہ ہو کر چھپنے کی کوشش کرتے ہیں۔
رپورٹس کے مطابق دونوں افراد امریکی ٹیک کمپنی ایسٹرونومر کے اعلیٰ عہدے دار ہیں، کولڈ پلے کے گلوکار کرس مارٹن کے تبصرے کے بعد اُن کے درمیان مبینہ تعلق کی افواہیں سوشل میڈیا پر گردش کرنے لگی ہیں۔
برطانوی نشریاتی ادارے ’بی بی سی‘ کے مطابق 18 جولائی کو کمپنی نے تصدیق کی ہے کہ سی ای او اینڈی بائرن کو چھٹی پر بھیج دیا گیا ہے، اینڈی بائرن جولائی 2023 سے ایسٹرونومر سے منسلک تھے، تاہم انہوں نے خود ویڈیو میں موجود ہونے کی تصدیق یا تردید نہیں کی ہے۔
ویڈیو میں نظر آنے والی خاتون کو سوشل میڈیا پر کمپنی کی چیف پیپل آفیسر کرسٹین کیبوٹ کے طور پر شناخت کیا گیا، جو نومبر 2024 سے کمپنی کے ساتھ ہیں، کرسٹین کیبوٹ نے بھی ویڈیو میں ہونے کی تصدیق نہیں کی۔
بی بی سی نے رپورٹ کیا کہ وہ خود بھی ویڈیو میں موجود افراد کی شناخت کی آزادانہ تصدیق نہیں کر سکا۔
یہ ویڈیو 16 جولائی کو اس وقت وائرل ہونا شروع ہوئی جب دونوں افراد موسیقی پر جھومتے ہوئے نظر آئے اور پھر اچانک کیمرے سے منہ چھپانے لگے، بڑی اسکرین پر سامنے آنے کے بعد کولڈ پلے کے سنگر کرس مارٹن نے اسٹیج سے مزاحیہ انداز میں کہا، یا تو ان کا آپس میں کوئی تعلق ہے، یا پھر یہ دونوں بہت شرمیلے ہیں۔
ایکسیوس نامی امریکی میڈیا ادارے کے مطابق کمپنی نے 18 جولائی کو واقعے کے 24 گھنٹے بعد باضابطہ بیان جاری کیا ہے، کیونکہ اینڈی بائرن کے استعفے اور ایگزٹ پیکج پر مذاکرات چل رہے تھے۔
ویڈیو سب سے پہلے ٹک ٹاک پر شیئر ہوئی، جسے لاکھوں بار دیکھا گیا، پھر یہ سوشل میڈیا پر میمز، مذاق، اور ٹی وی شوز کا حصہ بن گئی۔
ایسٹرونومر کمپنی نے واقعے کے 2 روز بعد ویڈیو کا نام لیے بغیر ایک بیان جاری کرتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا اعلان کیا، بیان میں کہا گیا ہے کہ معطل شدہ سی ای او نے ابھی تک کوئی ذاتی بیان جاری نہیں کیا، اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے جعلی بیانات جھوٹ پر مبنی ہیں، کمپنی نے یہ بھی کہا کہ ویڈیو میں کوئی دوسرا ملازم موجود نہیں تھا۔
بیان کے مطابق، ایسٹرونومر اپنی اقدار اور ثقافت سے وابستہ ہے، جو اس کے آغاز سے آج تک ہماری رہنمائی کر رہی ہیں، ہمارے اعلیٰ عہدیداروں سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ کردار اور جوابدہی کے اعلیٰ معیار پر پورا اتریں۔
بی بی سی کے مطابق کمپنی کے شریک بانی اور چیف پروڈکٹ آفیسر پیٹ ڈی جوی کو عارضی طور پر سی ای او مقرر کر دیا گیا۔