پولینڈ کی ایگا شیوانٹک پہلی بار ومبلڈن چیمپئن بن گئیں
پولینڈ کی ایگا شیوانٹک نے تاریخی کارنامہ سرانجام دیتے ہوئے پہلی بار ومبلڈن چیمپئن بننے کا اعزاز اپنے نام کر لیا ہے۔
ومبلڈن کے فائنل مقابلے میں ایگا شیوانٹک نے امریکا کی آمانڈا انیسموا کو یک طرفہ مقابلے کے بعد باآسانی شکست دے کر ٹائٹل جیت لیا، ایگا شیوانٹک نے آمانڈا انیسموا کو 0-6 اور 0-6 سے مات دی۔
شاندار فتح کے ساتھ ہی ایگا شیوانٹک کے کریئر کے گرینڈ سلیم ٹائٹلز کی تعداد 6 ہوگئی ہے، برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن نے بھی رائل باکس میں بیٹھ کر فائنل میچ دیکھا۔
ومبلڈن چیمپئن بننے پر ایگا شیوانٹک نے کہا کہ ’یہ سب کچھ بہت غیر حقیقی سا لگ رہا ہے، سچ کہوں تو میں نے کبھی ومبلڈن جیتنے کا خواب بھی نہیں دیکھا تھا کیونکہ یہ بہت دور کی بات لگتی تھی‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’مجھے لگتا ہے کہ میں ایک تجربہ کار کھلاڑی ہوں، کیونکہ میں دوسرے گرینڈ سلیم جیت چکی ہوں، لیکن میں نے ومبلڈن جیتنے کی بالکل توقع نہیں کی تھی‘۔