رونالڈو کی سعودی کلب کیساتھ معاہدے میں 2 سال کی توسیع

کرسٹیانو رونالڈو کی سعودی کلب کو چھوڑنے کی خبریں دم توڑ گئیں، فٹبال کی دنیا کے سپر اسٹار نے سعودی فٹ بال کلب النصر کے ساتھ اپنے معاہدے میں 2 سال کی توسیع کر دی ہے۔ بین الاقوامی خبر رساں ایجنسی ’رائٹرز‘ کی رپورٹ کے مطابق 40 سالہ کرسٹیانو رونالڈو نے النصر کے ساتھ 2 سالہ معاہدے کی توسیع پر دستخط کر دیے ہیں۔ سعودی پریمیئر لیگ کی جانب سے جمعرات (26 جون) کو جاری کردہ بیان بتایا گیا کہ معاہدے کے تحت پرتگالی فاورڈر 42 سال کی عمر تک النصر کلب کے ساتھ وابستہ رہیں گے۔ کرسیٹیانو رونالڈو نے 2022 میں مانچسٹر یونائیٹڈ چھوڑنے کے بعد النصر میں شمولیت اختیار کی تھی انھوں نے النصر کے لیے 105 مقابلوں میں 93 گولز اسکور کیے ہیں۔ کرسیٹیانو رونالڈو نے کلب کے ساتھ معاہدے کی توسیع پر ایکس پر لکھا کہ ’ایک نیا باب شروع ہو رہا ہے، وہی جذبہ، وہی خواب، آئیں مل کر تاریخ رقم کریں‘۔ رونالڈو قطر میں ہونے والے 2022 فیفا ورلڈ کپ کے فوراً بعد ڈھائی سالہ معاہدے کے تحت النصر کلب میں شامل ہوئے تھے۔ فوربز کے مطابق اس معاہدے کے بعد وہ گزشتہ 3 سالوں کے دوران دنیا کے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ 40 سال کی عمر میں رونالڈو کی کل آمدنی تقریباً 275 ملین ڈالر تخمینہ لگائی گئی ہے، کرسٹیانو رونالڈو نے رواں ماہ ہی پرتگال کی قیادت کرتے ہوئے ہمسایہ ملک اسپین کو فائنل میں شکست دے کر یو ای ایف اے نیشنز لیگ کا دوسرا ٹائٹل جیتا تھا۔ کرسٹیانو رونالڈو کی اپنے کیریئر میں ایک ہزار گولز کے سنگ میل پر بھی نظریں ہیں، انہوں نے مختلف کلبز کے لیے 794 اور پرتگال کی قومی ٹیم کے لیے 138 گولز کرکے مجموعی گولز کی تعداد 932 تک پہنچا دی ہے۔