معافی مانگنے کے بعد علیزے شاہ کا جگن کاظم کے لیے پیغام

ٹی وی میزبان جگن کاظم کی جانب سے معافی مانگے جانے پر علیزے شاہ نے ان کے لیے پیغام جاری کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کردیا۔ جگن کاظم نے ایک دن قبل یوٹیوب پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے علیزے شاہ سے معافی مانگی تھی۔ علیزے شاہ نے چند دن قبل انسٹاگرام اسٹوریز میں ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے بتایا تھا کہ جگن کاظم نے چار سال قبل ان کا مذاق اڑایا تھا۔ اداکارہ نے ویڈیوز میں بتایا تھا کہ گلوکارہ شازیہ منظور نے جان بوجھ کر انہیں ریمپ پر گرایا تھا اور انہیں گرانے کے واقعے پر جگن کاظم نے ان کا مذاق اڑایا تھا۔ علیزے شاہ نے مزید کہا تھا کہ وہ جگن کاظم کی بہت عزت کرتی تھیں لیکن ان کا مذاق اڑانے کے بعد انہوں نے ان کی عزت کرنا چھوڑ دی۔ علیزے شاہ کی جانب سے ویڈیو شیئر کیے جانے کے بعد 25 جولائی کو جگن کاظم نے ان سے معافی مانگی تھی۔ جگن کاظم کی جانب سے معافی مانگے جانے کے بعد علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوری میں ٹی وی میزبان کا شکریہ ادا کیا۔ علیزے شاہ نے اسٹوری میں جگن کاظم کو مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ انہیں امید نہیں تھی کہ وہ ان سے معافی مانگنے کے لیے ویڈیو جاری کریں گی۔ اداکارہ نے ٹی وی میزبان کے لیے لکھا کہ وہ بہت اچھی انسان ہیں، ان کی جانب سے معافی مانگے جانے پر وہ خوش ہوئیں۔ علیزے شاہ نے جگن کاظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان سے بھی معافی مانگی اور لکھا کہ اگر ان کی باتوں سے ان کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ معذرت خواہ ہیں۔ علیزے شاہ کی اسٹوری کو جگن کاظم نے شیئر کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے ان کے لیے دعائیں بھی کیں۔ دونوں اداکاراؤں میں صلح ہوجانے اور ایک دوسرے سے معافی مانگے جانے کی اسٹوریز کو دوسرے سوشل میڈیا پیجز کی جانب سے بھی شیئر کیا گیا، جہاں صارفین نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے دونوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔