صائمہ نے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا، ندیم بیگ
ہدایت کار ندیم بیگ نے انکشاف کیا ہے کہ اداکارہ صائمہ نے ان کے حال ہی میں نشر ہونے والے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں کام کرنے سے انکار کردیا تھا، ان کے بار بار کہنے پر بھی وہ نہ مانیں تو انہوں نے سید نور کو گزارش کی۔
’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی کاسٹ میں صائمہ کے علاوہ سجل علی، آصف رضا میر، ہمایوں سعید، صبا فیصل، عثمان پیرزاہ اور صنم سعید سمیت دیگر اداکار شامل ہیں، ڈرامے کو وسط جولائی سے نشر کیا جا رہا ہے۔
’میں منٹو نہیں ہوں‘ کی اب تک تمام قسطوں کو کافی پسند کیا گیا جا چکا ہے اور شائقین کی جانب سے کرداروں اور اداکاروں کی بھی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
ڈرامے میں صائمہ نے سجل علی کی پھوپھو اور آصف رضا میر کی بہن کا کردار ادا کیا ہے اور شائقین نے ان کی اداکاری کی بھی تعریفیں کیں۔
حال ہی میں ہدایت کار ندیم بیگ نے صحافی ملیحہ رحمٰن کو انٹرویو دیا، جس میں انہوں نے ڈرامے میں صائمہ خان کو کاسٹ کرنے کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
ہدایت کار کا کہنا تھا کہ صائمہ خان انتہائی پروفیشنل اداکارہ ہیں، وہ شوٹنگ سیٹ پر فضول کی باتیں نہیں کرتیں، ان میں ’زیرو‘ نخرہ ہے، وہ وقت پر شوٹنگ سیٹ پر پہنچتی ہیں۔
انہوں انکشاف کیا کہ صائمہ خان شوٹنگ کے دوران صرف اس وقت وقفہ کرتی تھیں، جب انہیں نماز پڑھنی ہوتی تھی اور وہ سیٹ پر ہی نماز پڑھتی تھیں۔
ان کا کہنا تھا کہ صائمہ خان کو کسی بات پر سمجھانا نہیں پڑا، وہ خود سے ہی کردار کے مطابق بہترین انداز میں تیار ہوتی تھیں اور سب سے اہم بات یہ کہ انہیں اپنے اسکرپٹ کی تمام لائنز یاد رہتی تھیں۔
ندیم بیگ نے بتایا کہ صائمہ خان کو شوٹنگ کے دوران چار چار صفحات پر مشتمل لائنیں تک یاد رہتی تھیں اور وہ ری ٹیک لیے بغیر ہی شوٹنگ کرواتی رہی ہیں۔
اسی دوران ہدایت کار نے انکشاف کیا کہ جب انہوں نے صائمہ خان کو ڈرامے میں کام کی پیش کش کی تو انہوں نے کام کرنے سے انکار کیا۔
ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ انہوں نے صائمہ خان کو رضامند کرنے کے لیے انہیں بار بار فون کالز کرکے کام کرنے کی پیش کش کی لیکن انہوں نے ہر بار ان کی پیش کش مسترد کی۔
ہدایت کار کے مطابق انہیں مذکورہ کردار کے لیے صرف صائمہ خان کو ہی کاسٹ کرنا تھا، اس لیے وہ ان سے بار بار گزارش کرتے رہے لیکن اداکارہ انکار کرتی رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ انہیں صائمہ خان اس وقت سے پسند تھیں، جب وہ جوانی میں ان کی فلمیں دیکھے کرتے تھے، وہ ان کی شاندار اداکاری سے واقف تھے، اس لیے انہیں ہی کاسٹ کرنا چاہتے تھے۔
ندیم بیگ کا کہنا تھا کہ آخر میں انہوں نے صائمہ خان کے شوہر فلم ساز سید نور سے گزارش کی کہ وہ اہلیہ کو سمجھائیں، وہ انہیں کام کے لیے رضامند کریں، انہیں ان کے ساتھ ہی کام کرنا ہے۔
ہدایت کار کے مطابق صائمہ خان نے شوہر سید نور کی فرمائش پر ان کے ساتھ کام کرنے کی حامی بھری۔