ڈراما ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں سجل و ہمایوں کی جوڑی پر اعتراض؟ ندیم بیگ کا مؤقف سامنے آ گیا

ڈراما سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں ہمایوں سعید اور سجل علی کی جوڑی پر سوشل میڈیا پر تنقید کی جا رہی ہے، جس پر ہدایتکار ندیم بیگ نے وضاحت پیش کی ہے کہ ناظرین کو کردار دیکھنے کے بعد رائے قائم کرنی چاہیے، قبل از وقت تنقید کرنا مناسب نہیں۔ ندیم بیگ نے حال ہی میں ملیحہ رحمٰن کو دیے گئے ایک انٹرویو میں مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔ انہوں نے کہا کہ ڈراما سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں ہمایوں سعید کا کردار کافی مختلف نوعیت کا ہے اور ان کے خیال میں جب ہمایوں سعید کسی ڈرامے کا حصہ بنتے ہیں تو لوگ ان سے غیرمعمولی توقعات وابستہ کر لیتے ہیں، جس کی ایک وجہ یہ بھی ہے کہ وہ انڈسٹری کے سپر اسٹار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمایوں سعید کی عمر کو لے کر غیر ضروری تنقید کی جا رہی ہے اور ابھی صرف ڈرامے کا ٹیزر ہی ریلیز ہوا تھا کہ سوشل میڈیا پر یہ باتیں ہونے لگیں کہ سجل بہت چھوٹی لگ رہی ہے اور ہمایوں بہت بڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ بہتر یہی ہے کہ لوگ پہلے مکمل ڈراما دیکھیں، ہو سکتا ہے کہ ہمایوں اور سجل کے کردار ویسے نہ ہوں جیسے لوگ اندازہ لگا رہے ہیں، بغیر مکمل سیاق و سباق کے تنقید کرنا مناسب نہیں۔ ندیم بیگ کے مطابق لوگ ہمایوں سعید کو اس لیے بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہیں کیونکہ وہ خود پر بھرپور اعتماد رکھتے ہیں کہ وہ ہر قسم کا کردار بخوبی ادا کرسکتے ہیں اور اس میں کوئی غلط بات نہیں، یہی وجہ ہے کہ ہم انہیں بار بار کاسٹ کرتے ہیں اور ہمارے پراجیکٹس کامیاب بھی ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی انکشاف کیا کہ ابتدا میں وہ ہمایوں کو اس کردار میں لینے سے تھوڑا ہچکچا رہے تھے، لیکن جب شوٹنگ شروع ہوئی تو صرف دو دن میں انہیں اندازہ ہو گیا کہ یہ کردار صرف ہمایوں ہی نبھا سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ کہانی میں یہ کردار بہت عمدگی سے لکھا گیا تھا، لیکن ہمایوں سعید کی اداکاری نے اس کردار کو مزید نکھار دیا۔ ڈراما سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ بہت جلد اے آر وائی ڈیجیٹل پر پیش کیا جائے گا، جس کی کہانی خلیل الرحمٰن قمر نے لکھی ہے، جب کہ ہدایات ندیم بیگ نے دی ہیں۔ ڈرامے کی کاسٹ میں ہمایوں سعید، سجل علی، آصف رضا میر، صبا فیصل، صبا حمید، بابر علی، حاجرہ یامین، اذان سمیع خان، نمیر خان، صائمہ اور دیگر فنکار شامل ہیں۔ ٹیزر سے کہانی کا مکمل اندازہ تو نہیں ہوتا، تاہم عندیہ ملتا ہے کہ اس میں محبت، سماجی اقدار، بدلتی ترجیحات اور پرانی روایات جیسے موضوعات کو دکھایا جائے گا۔ بظاہر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہمایوں سعید اور سجل علی کو ایک رومانوی جوڑی کے طور پر پیش کیا گیا ہے، اسی وجہ سے سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے بڑی عمر کے مرد اور کم عمر لڑکی کی جوڑی کے انتخاب پر تنقید بھی دیکھنے میں آ رہی ہے۔