قانونی کارروائی کی دھمکی دینے کے بعد یاسر حسین اور نادیہ خان میں آن لائن چپقلش
اداکارہ و ٹی وی میزبان نادیہ خان کی جانب سے تنقید کرنے والے اداکاروں کے خلاف قانونی کارروائی کی دھمکی دیے جانے کے بعد یاسر حسین اور ان میں آن لائن چپقلش ہوگئی۔
نادیہ خان نے انسٹاگرام ویڈیو میں کسی کا نام لیے بغیر پوڈکاسٹرز، یوٹیوبرز و اداکاروں کو خبردار کیا تھا کہ وہ ان پر ذاتی تنقید سے گریز کریں، دوسری صورت میں وہ ان کے خلاف قانونی کارروائی کریں گی۔
نادیہ خان نے کہا تھا کہ وہ تنقید کرنے والوں کے خلاف فوجداری اور سول مقدمات دائر کرنے سمیت ان کے خلاف پیکا ایکٹ کے تحت کارروائی کریں گی۔
ان کے بیان کے بعد یاسر حسین نے ان کا نام لکھے بغیر انسٹاگرام اسٹوری میں صبا فیصل اور ثروت گیلانی کو مینشن کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ ان دونوں نے ہی کچھ بولا ہوگا۔
یاسر حسین نے مزید لکھا کہ اگر ان کے ڈیڑھ نمبرز سے کسی کو تکلیف پہنچی تو وہ معافی مانگ رہے ہیں اور نمبرز بڑھا کر ڈھائی کر دیتے ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ انہیں امید ہے کہ اب سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، ساتھ ہی انہوں نے تمام افراد کے خوش رہنے کی دعا بھی کی۔
یاسر حسین کی اسٹوری پر نادیہ خان نے بھی جواب دیا اور انہوں نے بھی کسی کا نام لکھے بغیر لکھا کہ ’انہیں نمبرز کی ضرورت نہیں، انہیں جو کرنا تھا، وہ کر چکی ہیں۔
نادیہ خان نے یاسر حسین کی ہدایت کاری میں بننے والے حالیہ ڈرامے ’پیراڈائز‘ کا نام مینشن کرتے ہوئے لکھا کہ وہ اپنے ڈراموں کے نمبروں پر غور و فکر کریں۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ پیراڈائز ڈرامے میں چینل کا بہت سارا پیسا اور اداکاروں کا وقت بھی برباد ہوا۔
نادیہ خان نے یاسر حسین کا نام لکھے بغیر انہیں مشورہ دیا کہ وہ مزید محنت کریں اور اگلی بار اچھا ڈراما بنانے کی کوشش کریں، ساتھ ہی انہوں نے بھی اداکار کو خوش رہنے کی دعا دی۔
نادیہ خان کی اسٹوری کے بعد یاسر حسین نے ایک اور اسٹوری شیئر کی اور لکھا کہ نمبروں کی ضرورت تو کسی کو بھی نہیں لیکن وہ نمبر دیتی ہیں۔
یاسر حسین نے نادیہ خان کا نام لکھے بغیر لکھا کہ ان کے کیریئر کے جو دو ڈھائی نمبر بنتے ہیں، وہ انہیں قبول کریں۔
اداکار نے اداکارہ کا نام مینشن کیے بغیر لکھا کہ آپ پیراڈائز کی فکر چھوڑیں اور اپنے چغلی شو کی فکر کریں، جسے دیکھنے کے بعد پوری انڈسٹری تھو تھو کر رہی ہے۔
یاسر حسین نے اپنی اسٹوری کے اختتام پر ’آداب‘ لکھتے ہوئے خود کو نادیہ خان کا بہت جونیئر قرار دیا۔
دونوں اداکاروں میں آن لائن چپقلش کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے بھی ان کی لڑائی میں حصہ ڈالا، بعض افراد نے نادیہ خان تو کچھ افراد نے یاسر حسین کا ساتھ دیا۔
Dawn News WhatsApp Channel واٹس ایپ چینل