’سردار جی تھری‘ کی کامیابی پر ہانیہ عامر کے اعزاز میں پارٹی، شوبز شخصیات کی شرکت
بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کی شاندار کامیابی پر اداکارہ ہانیہ عامر کے اعزاز میں ایک پارٹی کا اہتمام کیا گیا، جس میں شوبز انڈسٹری کی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔
ہانیہ عامر کی بھارتی پنجابی فلم ’سردار جی تھری‘ کی کامیابی کے بعد ان کی قریبی دوست مائدہ نے فلم کی کامیابی پر ایک پارٹی کا اہتمام کیا، جس میں شوبز سے وابستہ کئی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
مذکورہ پارٹی میں جن فنکاروں نے شرکت کی ان میں ہمایوں سعید، اُشنا شاہ، یاسر حسین، سونیا حسین، عائشہ عمر، یشما گل، مومل شیخ، کومل عزیز اور دیگر شامل تھے۔
ہانیہ عامر کو پارٹی میں دیگر فنکاروں کے ساتھ خوشگوار لمحات گزارتے، محبت بھرے انداز میں تصاویر بنواتے، ڈانس کرتے اور انڈسٹری کے ساتھیوں کے ہمراہ جشن مناتے دیکھا گیا۔
فلم 27 جون کو پاکستان سمیت دنیا بھر میں ریلیز ہوئی اور رپورٹس کے مطابق اب تک بین الاقوامی سطح پر 63 کروڑ کا بزنس کر چکی ہے اور صرف پاکستان میں 31 کروڑ روپے کا بزنس کر کے بھارتی پنجابی فلم ’کیری آن جٹا تھری‘ کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی بھارتی پنجابی فلم بن گئی ہے۔
یہ ایک کامیڈی فلم ہے، جس میں دلجیت دوسانجھ اور ہانیہ عامر کو بھوتوں کا پیچھا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔