انسٹاگرام پر اسپاٹیفائی گانے اب آڈیو سمیت شیئر کرنے کی سہولت دستیاب
سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انسٹاگرام نے اپنے صارفین کے لیے ایک نیا اور دلچسپ فیچر متعارف کرا دیا ہے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ کے مطابق، انسٹاگرام کے اس نئے فیچر کی بدولت اب صارفین گانے کا مختصر آڈیو کلپ انسٹاگرام اسٹوری پر براہِ راست سن سکتے ہیں۔
قبل ازیں، انسٹاگرام اسٹوریز میں اسپاٹیفائی گانے صرف کور آرٹ اور ’پلے آن اسپاٹیفائی‘ بٹن کے ذریعے شیئر کیے جا سکتے تھے، جس پر کلک کرنے سے صارف کو اسپاٹیفائی کی ایپ پر جانا پڑتا تھا۔
تاہم، نئے فیچر کی بدولت اب صارفین گانے کا مختصر آڈیو کلپ انسٹاگرام اسٹوری پر براہِ راست سن سکتے ہیں، جس سے میوزک شیئرنگ کا تجربہ زیادہ مؤثر اور دلچسپ ہوگیا ہے۔
انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی میٹا کے ترجمان نے اس اپڈیٹ کو ایک اہم قدم قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد پلیٹ فارم پر موسیقی کو فروغ دینا اور صارفین کو بہتر انداز میں اپنی پسند کے گانے دوستوں کے ساتھ شیئر کرنے کا موقع دینا ہے۔
یہ فیچر استعمال کرنے کے لیے صارفین کو اسپاٹیفائی ایپ میں جا کر گانے کے ’شیئر‘ آپشن پر کلک کرنا ہوگا، پھر ’انسٹاگرام اسٹوریز‘ کو منتخب کرنا ہوگا، اس کے بعد انسٹاگرام خود بخود کھل جائے گا اور اسٹوری میں گانے کا ایک 15 سیکنڈ کا آڈیو کلپ شامل ہو جائے گا، جسے دیکھنے والے سن بھی سکیں گے۔