یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش کیخلاف ملازمین کا 21 جولائی کو دھرنے کا اعلان

یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن ( یو ایس سی) کی بندش کے خلاف ملازمین نے 21جولائی سے دھرنے کا اعلان کردیا۔ یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کے ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ یوٹیلٹی اسٹورز کی بندش اور ملازمین کی جبری برطرفیوں کے خلاف 21 جولائی سے غیر معینہ مدت کیلئے دھرنا دیا جائے گا۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے اعلان کے مطابق دھرنے کا آغاز بلیو ایریا اسلام آباد میں واقع یوٹیلٹی اسٹورز کے ہیڈ آفس سے کیا جائے گا۔ ایکشن کمیٹی کا کہنا تھا کہ ہزاروں خاندانوں کے روزگارکا خاتمہ لیبر قوانین کی خلاف ورزی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت یوٹیلٹی اسٹورکارپوریشن کو 31 جولائی تک بند کرنے کا اعلان کر چکی ہے، دو روز قبل وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت یوٹیلٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش اور وی ایس ایس پلان کے حوالے سے اجلاس منعقد کیا گیا تھا۔ اجلاس کے دوران کمیٹی نے دیے گئے اہداف کی روشنی میں اب تک کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا تھا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تفصیلی مشاورت کی گئی تھی۔ اجلاس میں اس بات کا اعادہ کیا گیا تھا کہ حکومت کی ہدایات کے مطابق یو ایس سی کی تمام سرگرمیاں 31 جولائی 2025 تک بند کر دی جائیں گی۔ اجلاس میں یو ایس سی ملازمین کے لیے ایک منصفانہ اور مالی طور پر قابلِ عمل رضاکارانہ علیحدگی اسکیم (وی ایس ایس) کی تشکیل پر تفصیلی گفتگو کی گئی تھی۔