پنجاب میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے سدباب کیلئے’ پیرا فورس ’ قائم

وزیراعلیٰ پنجاب نےپاکستان کی پہلی پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ( پیرا) لانچ کردی، پیرا پنجاب بھر میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف منظم کارروائیاں کرے گی۔ لاہور میں پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ( پیرا) کی تقریب میں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ پیرا فورس ظالموں کے لیے دہشت کی علامت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں پرائس کنٹرول (قیمتوں کو کنٹرول کرنا) اور ذخیرہ اندوزی کے ساتھ ساتھ ناجائز تجاوزات کے سدباب کے لیے ایک نئی فورس ’ پیرا فورس’ قائم کر دی گئی ہے، یہ فورس آٹھ ہزار افراد پر مشتمل ہوگی اور صوبے کے ہر ضلع میں موجود رہے گی۔ مریم نواز نے کہا کہ یہ فورس پنجاب کے تمام اضلاع اور تحصیلوں میں ہوگی، ہر تحصیل میں یہ موجود ہوں گے اور ان کا کام، چاہے وہ پرائس کنٹرول ہو یا ناجائز تجاوزات کے خلاف آپریشن ہو، یہ ہے کہ وہ ظالم کے سامنے آہنی دیوار بنیں، ظالم کے لیے دہشت کی علامت بنیں اور مظلوم کا سہارا بنیں، مظلوم کی امید بنیں، مظلوم کی مدد کے لیے پہنچیں۔’ پنجاب انفورسمنٹ اینڈ ریگولیٹری اتھارٹی ( پیرا) لاہورڈویژن میں پوری طرح سرگرم عمل ہوگی اور پنجاب بھر میں دسمبر تک لانچ کر دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پیرا فورس کے اہل کاروں سے ملاقات کی اور گاڑیوں اور موٹر بائیکس کامعائنہ کیا، وزیراعلیٰ نے خواتین ایس ڈی ای او کو دیکھ کر اظہار مسرت بھی کیا۔ انہوں نے پیرا اسٹیشن تھری ڈی ماڈل، ہتھیار اور شیلڈ اوردیگر گیجٹ کا معائنہ اور پیر اسٹیشن پرٹ وکن حاصل کرنے اور شکایت کے اندراج کے عمل کا مشاہدہ کیا۔ تقریب میں پیرا فورس کے چاق چوبند دستے نے مارچ پاسٹ اور مارشل آرٹ کا مظاہرہ بھی پیش کیا،پیرا فورس کے دستے نے نقص امن کے سدباب کے لیے مظاہرین کو روکنے کا بھی مظاہرہ کیا۔ پیرا فورس نے تقریب کے دوران آپریشنل امورکی انجام دہی کا مظاہرہ بھی کیا، وزیراعلیٰ نےپیرا ٹریننگ میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنےوالےافسران کو سرٹیفکیٹ دیے۔ ڈی جی کیپٹن(ر)فرخ عتیق نے پیرا فورس کےقیام کے لیے غیرمشروط سپورٹ پر مریم نوازکا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور ڈویژن کے بعد پیرا دسمبرتک صوبے بھر میں پوری طرح فعال ہوکر فرائض سرانجام دے گی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ پیرا پنجاب بھر میں مہنگائی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف منظم کارروائیاں کرے گی۔