حکومت کا 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار کی زیر صدارت چینی درآمد سے متعلق اجلاس میں 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے۔ نائب وزیراعظم کی سربراہی میں اسٹئیرنگ کمیٹی کا فالو اپ اجلاس آج اسلام آباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس کے دوران 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی درآمد کرنے کا فیصلہ برقرار رکھا گیا ہے، چینی درآمد اور ٹی سی پی اور نجی شعبے کے زریعے کی جائے گی۔ چینی درآمد کے حوالے سے منعقدہ اجلاس میں وزیر برائے قومی و غذائی تحفظ اور تینوں صوبوں کے چیف سیکرٹریز سمیت وفاقی و صوبائی سیکرٹریز بھی شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران نائب وزیراعظم نے کہا کہ ضروری اشیا کی مناسب نرخوں پر فراہمی اور عوام کو ریلیف دینا حکومت کی ترجیح ہے۔ واضح رہےکہ موجودہ حکومت نےجون سے لے کر اکتوبر 2024 کے دوران مجموعی طور پر 7 لاکھ 50 ہزار میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی تھی اور آخری بار اکتوبر میں5لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی اجازت دی گئی تھی۔ وفاقی حکومت نے چینی کی برآمد کے وقت فیصلہ کیا تھا کہ چینی کی ریٹیل قیمت ایک 145 روپے 15 پیسے فی کلو سے زیادہ ہونے پر چینی کی ایکسپورٹ فوری روک دی جائے گی تاہم دسمبر 2024 سےفروری 2025 کے دوران چینی برآمد بھی ہوتی رہی اور قیمتیں بھی اسی دوران مسلسل بڑھتی رہیں۔