بھارت کیخلاف جنگ میں پاکستان کو ایک نہیں 3 محاذوں پر فتح ملی، بلاول بھٹو
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ بھارت کے خلاف 5 روزہ جنگ میں پاکستان کو سرحدوں کے محاذ پر ہی نہیں بلکہ 3 مختلف محاذوں پر جیت ملی ہے۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ بھارت کے خلاف جنگ میں پاکستان کی فتح کو 3 حصوں میں تقسیم کرتا ہوں، پاکستان نے سفارتی محاذ پر شاندار کامیابیاں حاصل کیں، پاکستان نے بیانیہ کی جنگ جیتی اور پاکستان نے محاذ جنگ پر بھی بھارت کو شکست سے دو چار کیا۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہمیں بتایا گیا کہ بھارت ایک بڑا ملک ہے، اس کے وسائل ہم سے 7 گنا زیادہ ہیں اور اُس کے سپر پاورز کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں لیکن پاکستان نے صرف اپنے دفاع میں ہی اتنی بڑی طاقت کو شکست دے کر اُس کے 6 جہاز گرا دیئے۔
انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعے کے بعد پیدا ہونی صورتحال کے دوران سفارتی سطح پر پاکستانی سفیروں اور دفتر خارجہ کے نمائندوں نے تاریخی کردارادا کیا، وزیراعظم شہباز شریف کی ہدات پر ہم نے پاکستان کا مؤقف دنیا بھر تک پہچانے میں محنت اور کوشش کی اور پھر دنیا نے ہمارے مؤقف کو تسلیم بھی کر لیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ بھی ایک اور بڑا محاذ تھا اور وہ تھا بیانیے کا محاذ، ہم فخر کے ساتھ کہہ سکتے ہیں کہ پاکستان کو اس میں جیت نصیب ہوئی۔