جسٹس منصور علی شاہ نے بطور انتظامی جج کی ذمہ داریوں سے معذرت کر لی

اسلام آباد: جسٹس منصور علی شاہ نے بطور انتظامی جج سپریم کورٹ کی ذمہ داریاں ادا کرنے سے معذرت کر لی۔ ذرائع کے مطابق جسٹس منصور علی شاہ نے انتظامی فائلوں پر دستخط کرنے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے فائلیں واپس بھجوا دیں اور کہا کہ اس عہدے سے سبکدوش ہوچکے ہیں۔ واضح رہے کہ سابق چیف جسٹس نے جسٹس منصور علی شاہ کو ایڈمنسٹریٹو جج سپریم کورٹ مقرر کیا تھا۔ چھبیس ویں آئینی ترمیم کے بعد چیف جسٹس اور سپریم کورٹ کے ججز کی تقرری کے طریقہ کار میں تبدیلی کے بعد پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پارلیمانی کمیٹی نے چیف جسٹس کے لیے جسٹس یحییٰ آفریدی کا انتخاب کیا تھا۔ اور سینئر ترین جج جسٹس منصور علی شاہ چیف جسٹس نہیں بن سکے تھے۔ گزشتہ دنوں جسٹس منصور علی شاہ نے سیکرٹری جوڈیشل کمیشن کو خط لکھ کر رولز میں آئینی بینچ کے لیے ججز کی تعینات کا میکنزم طے کرنے پر زور دیا تھا۔