فیلڈ مارشل سے کاروباری برادری کی ملاقات، ایف بی آر اختیارات سے متعلق مسائل سے آگاہ کیا، چیئرمین اپٹما

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین کامران ارشد نے کہا ہے کہ آرمی چیف فیلڈ مارشل عاصم منیر سے کاروباری برادری کی ملاقات ہوئی ہے، جس میں انہیں ایف بی آر کے اختیارات سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا ہے۔ آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق کاروباری شخصیات سے ملاقات پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سلام پیش کرتے ہیں، ان کا کاروباری برادری کے مسائل کو سننا لائق تحسین ہے۔ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ گوہر اعجاز کی سربراہی میں کاروباری شخصیات سے ملاقات پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے مشکور ہیں، فیلڈ مارشل سے ملاقات میں ملک بھر کے 18 چیمبرز آف کامرس کے صدور موجود تھے۔ کامران ارشد کا کہنا تھا کہ کاروباری برادری نے ایف بی آر کے اختیارات سے متعلق پیدا ہونے والے مسائل سے آگاہ کیا ہے، وفد نے درآمدی کاٹن، گرے فیبرک اور یارن پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرنے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اپٹما نے صنعتوں کے لیے مہنگی بجلی کا معاملہ فیلڈ مارشل کے سامنے رکھا، ملکی معاشی ترقی کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے اقدامات کو سپورٹ کرتے ہیں۔