اپوزیشن کی جماعتوں کا خیبرپختونخوا حکومت کی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ

پاکستان مسلم لیگ ( ن )، پیپلزپارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نے خیبرپختونخوا حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ مسلم لیگ ( ن) پاکستان پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی، جمعیت علمائے اسلام (ف)سمیت اپوزیشن کی جماعتوں نے صوبائی حکومت کی آل پارٹیز کانفرنس کا بائیکاٹ کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کےرہنما اور خیبرپختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا ہے کہ تمام اپوزیشن جماعتوں نے کل ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہ کرنے کا متفقہ فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے فیصلے غیر سنجیدہ ہیں، صرف ایک میز پر بیٹھنے سے مسائل حل نہیں ہوتے، عوامی مسائل کے حل کیلئے عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔ ڈاکٹر عباداللہ خان نے کہا کہ اسمبلی کے فلور پر مکمل اور شفاف ڈیبیٹ ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ تمام اپوزیشن جماعتیں مل کر آگے کا لائحہ عمل طے کریں گی، صرف بیانات نہیں، اب عملی اقدامات کا وقت ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ حکومت کا ہر فورم پر غیر سنجیدہ رویہ قابلِ افسوس ہے، اے پی سی صرف نمائشی اجلاس بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن متحد ہے، عوامی مفادات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، حکومت کو عمل سے ثابت کرنا ہوگا، محض اے پی سی کافی نہیں۔ صوبائی صدر پاکستان پیپلز پارٹی محمد علی شاہ باچا کا کہنا ہے کہ صوبے میں غیر سنجیدہ حکومت ہے، یہ آل پارٹیز کانفرنس صرف دکھاوا ہے۔ انہوں نےکہا کہ حکومت سنجیدہ ہوتی تو اس سے قبل کئی بار امن و امان اور دیگر مسائل پر بات ہو چکی ہے لیکن کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا۔ محمد علی شاہ باچا کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت اپنے دھرنوں اور مظاہروں سے فارغ ہو تو عوامی مسائل کی جانب توجہ دے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کل ہونے والی اے پی سی میں شرکت نہیں کرے گی۔ دریں اثنا، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کی طلب کردہ اے پی سی میں شرکت سے معذرت کرلی ہے۔ اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ اے پی سی حکومت نے بلائی ہے اس میں شرکت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اپنے فیصلے کرچکی ہے کانفرنس میں شرکت کا کوئی فائدہ نہیں۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ بحیثیت ایک سیاسی جماعت تحریک انصاف اگر کل جماعتی کانفرنس بلاتی تو ضرور شرکت کرتے۔ دوسری جانب، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیاسی جماعتوں کے اے پی سی میں عدم شرکت کے اعلان پر کہا ہے کہ کل امن و امان پر اے پی سی بلائی ہے، جو اے پی سی میں شرکت نہیں کرتے انہیں عوام کی پرواہ نہیں۔ واضح رہے کہ حکومت خیبر پختونخوا نے صوبے میں امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر 24 جولائی کو آل پارٹیز کانفرنس طلب کی ہے۔ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی جانب سے تمام سیاسی جماعتوں کو اے پی سی میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کیے گئے ہیں۔