شمالی وزیرستان میں خود کش دھماکا، 8 سیکیورٹی اہلکار شہید
خیبرپختونخوا کے ضلع شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں خود کش دھماکے میں 8 افراد شہید ہوگئے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں ہفتے کے روز خودکش دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 8 سیکیورٹی اہلکار شہید ہوگئے ہیں۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے میرعلی میں ہونے والے خود کش حملے کی شدید مذمت کی اور لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا۔
علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ میں ان سیکیورٹی اہلکاروں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے ملک اور قوم کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں امن قائم کرنے اور دہشت گردی کا خاتمہ کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز نے بے مثال قربانیاں دی ہیں، یہ قربانیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کے حوصلے اور عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا مزید کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
اس سے قبل، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) وقار احمد نے ڈان ڈاٹ کام کو بتایا تھا کہ خودکش حملہ ایک گاڑی میں نصب دیسی ساختہ بم کے ذریعے کیا گیا، جس میں 4 عام شہری زخمی ہوئے۔
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب کچھ روز قبل خیبرپختونخوا کے جنوبی وزیرستان ضلع میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر کیے گئے آپریشن (IBO) میں دو فوجی جوان شہید اور 11 دہشت گرد ہلاک ہوئے تھے۔
15 جون کو فرنٹیئر کور (ایف سی) کا ایک سپاہی جنوبی وزیرستان کے اپر علاقے لدھا تحصیل میں فائرنگ کے ایک ٹارگٹڈ حملے میں شہید ہو گیا تھا۔
اسی ماہ کے آغاز میں شمالی وزیرستان کی دتہ خیل تحصیل میں سیکیورٹی آپریشن کے دوران 14 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
۔وزیراعلیٰ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے جانی نقصان پرصدمے کااظہار کیاہے ۔۔۔مزید جانیں گے ڈان نیوز کے نمائندے عارف حیات سے
شمالی وزیرستان میں خود کش دھماکا،آٹھ افراد شہید ۔۔ خود کش دھماکاپاک افغان سرحد کے قریب میرعلی کے علاقے میں ہوا ۔۔ ضلع میرعلی میں فتنہ الخوارج کی بزدلانہ کارروائی حملے میں زخمی 10 افراد اسپتال منتقل کردیئے گئے حملے میں سیکیورٹی اہلکاربھی شہید ہوئے، وزیراعلیٰ خیبرپخوانخوا علی امین گنڈا پورکی خود کش حملے کی مذمت کی ،لواحقین سے تعزیت