جنوبی وزیرستان: فورسز کے آپریشن میں بھارتی فتنہ الخوارج کے 11 دہشتگرد ہلاک، میجر اور لانس نائیک شہید
جنوبی وزیرستان کے علاقے سراروغہ میں فورسز کے آپریشن میں بھارتی فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ بہادری سے لڑتے ہوئے پاک فوج کے میجر اور لانس نائیک نے جام شہادت نوش کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے سرا روغہ میں خفیہ اطلاع پر آپریشن کیا۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران فتنہ الخوارج کے 11 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جب کہ 7 زخمی ہوئے، تاہم پاک فوج کے میجر اور ایک لانس نائیک نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خوارج کی موجودگی کی خفیہ اطلاع پر کارروائی کی، آپریشن میں میجر سید معیز عباس شاہ اور لانس نائیک جبران اللہ شہید ہوئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ میجر معیز عباس شاہ نے دشمن کا مقابلہ بہادری سے کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، 37 سالہ میجر معیز کا تعلق چکوال سے تھا، جب کہ لانس نائیک جبران اللہ کا تعلق ضلع بنوں سے تھا۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ شہدا کی قربانیاں قوم کے حوصلے مزید بلند کر رہی ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا شہدا کو خراج عقیدت
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی جنوبی وزیرستان میں آپریشن کے دوران شہید ہونے والے میجر سید معیز عباس اور لانس نائیک جبران اللہ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ شہدا قوم کے ہیرو ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ شہدا نے قوم کے محفوظ مستقبل کے لیے جانوں کا نذرانہ دیا، فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، شہدا نے دہشت گردوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیے۔
محسن نقوی نے کہا کہ قوم شہدا کی عظیم قربانی کو ہمیشہ یاد رکھے گی، شہید میجر معیز عباس اور لانس نائیک جبران اللہ قوم کا فخر ہیں، انہوں نے شہدا کے خاندانوں سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار بھی کیا۔