سی ڈی اے نے میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لے لیا
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں 100 فیصد اضافے کا فیصلہ شدید عوامی ردعمل کے بعد واپس لے لیا ہے۔
ابتدائی طور پر سی ڈی اے نے 17 مختلف روٹس پر چلنے والی میٹرو اور الیکٹرک بسوں کے یکطرفہ کرایے کو 50 روپے سے بڑھا کر 100 روپے کرنے کا اعلان کیا تھا، جو کہ 26 مئی سے نافذ العمل ہونا تھا۔ اس فیصلے سے یومیہ 90 ہزار سے زائد مسافروں کے متاثر ہونے کا خدشہ تھا۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ سی ڈی اے کے زیرِ انتظام چلنے والی بسوں کا اسٹاپ ٹو اسٹاپ کرایہ بھی 100 روپے مقرر کیا جائے گا۔
تاہم، عوامی سطح پر شدید تنقید اور سوشل میڈیا پر منفی ردعمل سامنے آنے کے بعد سی ڈی اے نے یو ٹرن لیتے ہوئے وضاحت دی کہ کرایوں میں اضافہ صرف ایک تجویز تھی جس پر ابھی غور کیا جا رہا تھا۔ سی ڈی اے کے ترجمان نے واضح کیا کہ اورنج، بلیو، گرین اور الیکٹرک بسوں کے کرایوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں کیا گیا اور اس حوالے سے ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں ہوا۔
ترجمان کے مطابق میٹرو اور الیکٹرک فیڈر بس سروسز فی الحال 50 روپے کے موجودہ کرائے پر ہی کام جاری رکھیں گی، اور مستقبل میں کسی بھی قسم کی تبدیلی کے بارے میں عوام کو بروقت آگاہ کیا جائے گا۔