پاکستان کی پہلی خواتین پارلیمنٹیرینز کے پورٹریٹ کی نقاب کشائی
اسلام آباد –: اسپیکر قومی اسمبلی پاکستان سردار آیاز صادق اور سیکریٹری جنرل ویمن پارلیمانی کاکس، ڈاکٹر سیّدہ شاہدہ رحمانی نے قومی اسپیکرز کانفرنس کے موقع پر پاکستان کی پہلی قانون ساز اسمبلی کی دو ممتاز خواتین پارلیمنٹیرینز بیگم شائستہ اکرام اللہ اور بیگم جہاں آراء شاہنواز کے پورٹریٹ کی نقاب کشائی کی۔
یہ تاریخی تقریب قومی اسمبلی پاکستان میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد ان قابل احترام خواتین کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرنا تھا، جنہوں نے پاکستان کی پارلیمانی تاریخ میں نمایاں کردار ادا کیا۔ دونوں خواتین کے پورٹریٹ کو قومی اسمبلی پاکستان میں آویزاں کیا گیا، جو آئندہ نسلوں کے لیے ان کی قربانیوں اور خدمات کی یادگار کے طور پر موجود رہیں گے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہدہ رحمانی نے کہا کہ بیگم شائستہ اکرام اللہ اور بیگم جہاں آراء شاہنواز نے اپنی انتھک محنت اور قیادت کے ذریعے پاکستان کی تاریخ میں اہم مقام حاصل کیا۔ ان کی سیاسی بصیرت، جدوجہد، اور عزم آج بھی خواتین کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ پورٹریٹ نہ صرف ان خواتین کی یاد کو تازہ رکھیں گے بلکہ اس بات کی یاد دہانی بھی کرائیں گے کہ خواتین نے پاکستان کے قیام اور ترقی میں ایک اہم کردار ادا کیا ہے۔
یہ تقریب خواتین کی پارلیمانی قیادت کو مزید فروغ دینے کے عزم کی تجدید بھی ہے، جس کا مقصد پاکستان میں صنفی مساوات اور خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔