پاکستانی سی فوڈ انڈسٹری کے لیے بڑی خوشخبری، امریکا نے مچھلی برآمدات کی اجازت دے دی
اسلام آباد: وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوہدری نے اعلان کیا ہے کہ امریکا نے پاکستان کو چار سال کے لیے مچھلی اور سمندری مصنوعات برآمد کرنے کی اجازت دے دی ہے، جو پاکستان کی سی فوڈ انڈسٹری کے لیے ایک بڑی کامیابی اور خوشخبری ہے۔
وزیر بحری امور نے کہا کہ یہ اجازت پاکستانی سی فوڈ کے معیار کا عالمی اعتراف ہے اور اس سے ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی فشریز امریکی معیارات پر پوری اتری ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس فیصلے سے پاکستان کی سمندری مصنوعات کی برآمدات میں تسلسل اور استحکام ممکن ہوگا، جو زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کا باعث بنے گا۔
انہوں نے بتایا کہ گزشتہ سال پاکستان نے 2 لاکھ 42 ہزار ٹن مچھلی برآمد کی جس سے 489 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا۔ جنید انوار چوہدری نے امید ظاہر کی کہ آئندہ سال یہ برآمدات 600 ملین ڈالر تک پہنچ سکتی ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ امریکی منظوری نہ صرف پاکستان کی برآمدات کے لیے نیا دروازہ کھولتی ہے بلکہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی فشریز کو ایک مستحکم مقام دلانے میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔