کم وزن ہونے پر ’پتلی‘ کہا جاتا، وزن بڑھایا تو پلاسٹک سرجری کے الزامات لگے، کومل میر
اداکارہ کومل میر نے شکوہ کیا ہے کچھ سال قبل تک ان کا وزن کم ہوتا تھا تو ’پتلی‘ اور ’لکڑی‘ جیسے الفاظ سے ان کا مذاق اڑایا جاتا تھا اور جب انہوں نے کچھ وزن بڑھایا تو ان پر پلاسٹک سرجری کے الزامات لگائے گئے۔
کومل میر نے حال ہی میں ’سم تھنگ ہاٹ‘ کو دیے گئے انٹرویو میں ایک بار پھر اپنے وزن بڑھنے اور چہرے کے خدوخال تبدیل ہونے پر کھل کر بات کی۔
انہوں نے ایک بار پھر اس تاثر کو مسترد کیا کہ انہوں نے کوئی میک اپ یا پلاسٹک سرجری کروائی ہوئی ہے۔
کومل میر کے مطابق انہوں نے کسی طرح کا کوئی میک اپ پراسیجر نہیں کروایا، نہ انہوں نے کوئی سرجری کروائی ہے، البتہ انہوں نے اپنا وزن بڑھایا ہے، جس وجہ سے ظاہری طور پر ان کا چہرہ بھی بدل چکا ہے۔
اداکارہ نے یہ انکشاف بھی کیا کہ وزن بڑھنے سے قبل ان کا وزن بہت کم تھا، وہ ’انڈر ویٹ‘ تھیں جب کہ وہ ’ایٹنگ ڈس آرڈر‘ کا بھی شکار تھیں۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ شوبز میں آنے سے قبل ہی وہ کم وزن اور کھانے پینے کے مسائل کا شکار تھیں لیکن انہوں نے ان مسائل پر کبھی توجہ نہ دی تھی، تاہم شوبز میں آنے کے بعد وہ پریشان ہوئیں اور سوچتی رہتی تھیں کہ کیسے وہ اپنا وزن بڑھائیں۔
کومل میر نے یہ انکشاف بھی کیا کہ نہ صرف عام افراد بلکہ شوبز انڈسٹری کے لوگ بھی ان کے کم وزن ہونے پر انہیں طعنے دیتے تھے، ان کا مذاق اڑاتے تھے، یہاں تک کہ شوٹنگ سیٹ پر بھی ان کے وزن پر جملے کسے جاتے۔
اداکارہ کے مطابق وہ دوستوں اور اداکاروں کی باتوں پر ہنستی رہتی تھیں لیکن بعد میں انہیں افسوس اور دکھ بھی ہوتا کہ انہیں کیوں باڈی شیمنگ کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انہیں خود بھی احساس تھا کہ وہ کم وزن اور کمزور ہیں، جس وجہ سے وہ کم عمر لگتی ہیں جب کہ ان کی یہ خواہش بھی ہوتی تھی کہ ان کا وزن بڑھے لیکن ایسا ہو نہیں پاتا تھا۔
کومل میر نے بتایا کہ وہ کھانے پینے کے مسائل کا بھی شکار تھیں، اگر مسلسل چار دن تک کھانا کھاتی تھیں تو اگلے تین دن تک انہیں کھانا اچھا ہی نہیں لگتا تھا جب کہ انہیں روٹی کھانا بالکل پسند نہیں ہوتا تھا، صرف چاول کھاتی رہتی تھیں۔
اداکارہ نے کہا کہ ایسے ہی انہیں ایک فلم میں کام کی پیش کش ہوئی لیکن انہیں اپنا وزن کچھ بڑھانے کا کہا گیا، جس پر انہوں نے کام شروع کیا اور حیران کن طور پر چند ماہ میں ہی ان کا وزن بڑھ گیا۔
کومل میر کے مطابق وزن بڑھنے پر انہوں نے خود کو بہتر اور اچھا محسوس کیا، انہوں نے دیکھا کہ ان کا چہرہ بھی اچھا ہوچکا ہے، ان کے چہرے سے سیاہ دھبے بھی غائب ہو چکے تھے اور خود کو بھی پہلے سے زیادہ خوبصورت لگنے لگی تھیں اور بہت خوش تھیں۔
اداکارہ نے شکوہ کیا کہ لیکن جیسے ہی ان کا وزن بڑھا اور ان کی ویڈیوز اور تصاویر سامنے آئیں تو ان پر الزامات لگنے ہوگئے، ان پر پلاسٹک سرجری کرانے کے الزامات بھی لگے۔
انہوں نے کہا کہ خود پر پلاسٹک سرجری کے الزامات کا سن کر وہ پریشان ہوگئیں اور ساتھ ہی سوچنے لگیں کہ پہلے وزن کم تھا تو انہیں ’پتلی‘ کہا جاتا تھا، اب ان کا وزن بڑھا ہے تو ان پر ’پلاسٹک سرجری‘ کے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہوں نے کوئی میک اپ پراسیجر نہیں کروایا، نہ سرجری کروائی ہے، البتہ انہوں نے اپنی خوراک بہتر کرکے وزن بڑھایا، جس وجہ سے ان کے چہرے سمیت جسمانی خدوخال بھی تبدیل ہوئے اور وہ پہلے سے بہتر ہوئیں تو لوگوں نے ان پر الزامات لگائے۔