مجھے بدنام کرنے کے لیے پیسے خرچ کیے گئے، مہم کے تحت الزامات لگائے گئے، علیزے شاہ
اداکارہ علیزے شاہ نے انکشاف کیا ہے کہ پیسے خرچ کرکے انہیں بدنام کیا گیا جب کہ شوٹنگ سیٹ پر ان کے ساتھ بدتمیزیاں ہوئیں لیکن سینئرز نے مہم کے تحت ان پر الزامات لگائے۔
علیزے شاہ نے انسٹاگرام اسٹوریز میں متعدد ویڈیوز شیئر کیں، جن میں انہوں نے پہلی بار اپنے کے خلاف لگائے گئے الزامات پر بھی بات کی۔
اداکارہ نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ انہیں بدنام کرنے کے لیے پیسے خرچ کیے گئے، سوشل میڈیا پیجز کو پیسے دے کر ان کے خلاف مہم چلائی گئی۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ شوٹنگ سیٹس پر ان کے ساتھ بدتمیزی ہوتی تھی لیکن انہیں خاموش رہنے کی ہدایت کی جاتی اور بعد میں ان کے خلاف ہی الزامات لگائے جاتے۔
ان کے مطابق منصوبہ بندی کے تحت ان پر شوٹنگ سیٹ پر توڑ پھوڑ اور بدتمیزی کرنے کے الزامات لگائے گئے، ان کے ساتھ بدتمیزی ہوئی تھی، وہ اپنے ساتھ ناانصافی پر مقدمہ دائر کروانا چاہتی تھیں لیکن انہیں روکا گیا، بعد ازاں ان کے خلاف ہی ٹی وی چینلز پر خبریں چلوائی گئیں۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے کبھی بھی شوٹنگ سیٹ پر اپنے میک اپ روم میں سگریٹ نوشی نہیں کی لیکن ان پر ایسے الزامات لگائے گئے۔
علیزے شاہ کے مطابق سینئرز و ہدایت کاروں نے انہیں کاسٹ کیا، اس کردار کے انہیں پیسے دیے گئے، وہ ان کی جاگیر نہیں کہ ان کی ہر بات اور نخرے برداشت کرے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سینئرز عام طور پر خود ایئرکنڈیشنڈ کمروں میں بیٹھے رہتے اور انہیں باہر نکال دیا جاتا، انہوں نے بطور چائلڈ آرٹسٹ بہت مشکلات دیکھیں۔
انہوں نے یہ انکشاف بھی کیا کہ ایک سینئر اداکار نے اپنا پسینہ ان کے چہرے پر پھینکا، جس پر انہیں غصہ آیا اور جب انہوں نے سینئر کو باتیں سنائیں تو اس پر وہ برا مان گئے، انہیں لگا کہ سینئر کا پسینہ مجھے آب زم زم سمجھ کر برداشت کرنا چاہیے۔
علیزہ شاہ نے کام کے معاوضے میں تاخیر کی شکایت بھی کی اور کہا کہ تین سے چار ماہ تک معاوضہ نہیں دیا جاتا اور بار بار مانگے جانے پر معاوضے کا کچھ حصہ دیا جاتا ہے۔
اداکارہ کے مطابق جب مکمل معاوضہ نہیں ملتا تھا تو وہ پروڈکشن ہاؤس والوں کو فون کرتیں تو انہیں کہا جاتا کہ جتنے پیسے دیے گئے ہیں، اس پر ان کا گزارا ہوجائے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں ان کا معاوضہ بھی خیرات کی طرح دیا جاتا، انہیں ایسا محسوس کروایا جاتا، جیسے ان پر کوئی احسان کیا جا رہا ہو۔
خیال رہے کہ ماضی میں یاسر نواز، زرنش خان اور نوید رضا سمیت دیگر اداکار علیزے شاہ پر بدتمیز ہونے کا الزام عائد کرتے رہے ہیں اور بعد ازاں یاسر نواز اور زرنش خان نے اپنے رویے پر اداکارہ سے معافی بھی مانگی تھی۔