امیدواروں کے دستبردار نہ ہونے پر حکومت اور اپوزیشن کا خیبرپختونخوا سینیٹ الیکشن مشترکہ لڑنے کا فیصلہ
خیبرپختونخوا سینیٹ الیکشن میں امیدواروں کے دستبردار نہ ہونے کی صورت میں حکومت اور اپوزیشن نے مشترکہ الیکشن لڑنےکا فیصلہ کر لیا۔
حکومت اور اپوزیشن نے فیصلہ کیا ہے کہ بلامقابلہ انتخاب نہ ہونے کی صورت میں بھی 6،5 کا فارمولا برقرار رہےگا۔
اپوزیشن لیڈر ڈاکٹر عباد کا کہنا تھا کہ بحیثیت اپوزیشن لیڈر میری بات وزیر اعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور سے ہوئی ہے، کوئی امیدوار دستبردار نہیں ہوگا تو ووٹ کاسٹ پر وقت ضائع ہوجائےگا۔
انتخابات پر پی ٹی آئی میں اختلافات ختم نہ ہو سکے
خیرپختونخوا میں 21 جولائی کو شیڈول سینیٹ اجلاس سے قبل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) میں اختلافات ختم نہ ہو سکے، پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی ناراض رہنماؤں کو منانے میں ناکام نظر آئی۔
خیبرپختونخوا میں سینیٹ اجلاس سے قبل حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان بلامقابلہ سینیٹرز منتخب کروانے پر اتفاق ہوا تھا، تاہم پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں نے اپنے کاغذات نامزدگی واپس لینے سے انکار کر دیا تھا، ناراض رہنماؤں کے ساتھ گزشتہ روز مذاکرات کے 2 ادوار کی ناکامی کے بعد آج صبح پی ٹی آئی نے رہنماؤں کو رضامند کر کے کاغذات واپس لینے کا اعلامیہ جاری کیا تھا۔
تاہم ایک بار پھر پی ٹی آئی کے ناراض رہنماؤں نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے اپنے مؤقف پر کھڑے رہنے کا پیغام دیا، تحریک انصاف کے رہنما عرفان سلیم نے سیاسی کمیٹی کے فیصلے سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم سینیٹ الیکشن سےدستبردار ہوں گے اور نہ ہی اس کھیل کا حصہ بنیں گے، ہم اس الیکشن میں گٹھ جوڑ کیخلاف کھڑے ہیں‘۔
پی ٹی آئی کے ناراض رہنما خرم ذیشان نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’ہم ان لوگوں سے مفاہت پر یقین نہیں رکھتے، جو غاصب ہیں، چور ہیں، لٹیرے ہیں، جو اس ملک کو تباہ و برباد کرنے والے لوگ ہیں، میں ان لوگوں سے کسی صورت نہ مفاہمت کروں گا اور جو مفاہمت کی کوشش کرے گا اسے بھی ہر صورت میں ناکام کروں گا‘۔
دوسری جانب، پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب نے کہا کہ سینیٹ امیدواروں کی حتمی منظوری سربراہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے دی ہے، فیصلے کا احترام کیاجاناچاہیے۔
دریں اثنا، پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے سینیٹ کے ناراض امیدواروں کے اعتراضات مسترد کرتے ہوئے خیبرپختونخوا سے سینیٹ امیدوارں کے ناموں کا اعلامیہ جاری کردیا۔
پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے جنرل نشستوں پر مراد سعید، فیصل جاوید، مرزا آفریدی اور نور الحق قادری کے نام فائنل کیے، خواتین کی نشست کے لیے روبینہ ناز اور ٹیکنوکریٹ کے لیے اعظم سواتی کا نام فائنل کیا گیا ہے۔
سیاسی کمیٹی نے ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر مشعال یوسفزئی کا نام پر مہر لگائی۔
قبل ازیں، خیبرپختونخوا میں اپوزیشن جماعتوں نے 21 جولائی کو شیڈول انتخابات میں اپنے امیدوار دستبردار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ڈان نیوز کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیر صدارت گورنر ہاؤس پشاور میں اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں کا مشترکہ اجلاس ہوا، جس میں پیر (21 جولائی) کو ہونے والے سینیٹ انتخابات میں کسی بھی امیدوار کو دستبردار نہ کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔