اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کی کیمیکل جانچ رپورٹ میں وجہ موت سامنے آگئی

اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش کے نمونوں کی کیمیکل جانچ رپورٹ آگئی جس میں ان کی موت کو طبعی قرار دیا گیا ہے۔ کراچی ڈیفنس میں فلیٹ سے مردہ پائی جانے والی ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کے پوسٹ مارٹم کے دوران لاش سے نمونوں حاصل کیے گئے تھے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اداکارہ کی لاش کے نمونوں کی کیمیکل رپورٹس موصول ہوگئیں ہیں جن میں اداکارہ کی موت کو طبعی عوامل کا نتیجہ قرار دیا گیا ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق اداکارہ کے پوسٹ مارٹم کے دوران کئی ٹیسٹس کے لیے نمونے حاصل کیے گئے تھے جنہیں جامعہ کراچی کی فرانزک لیبارٹری ارسال کیا گیا تھا، مزید رپورٹس آنا باقی ہیں۔ واضح رہے کہ اداکارہ و ماڈل حمیرا اصغر کی کئی ماہ پرانی لاش 8 جولائی کو کراچی کے علاقے ڈیفنس کے ایک فلیٹ سے برآمد ہوئی تھی۔ مکان مالک کی شکایت پر عدالت نے پولیس کو کرایہ ادا نہ کرنے پر فلیٹ خالی کرانے کا حکم دیا تھا، جس کے دوران اداکارہ کی لاش جو ڈی کمپوزیشن کے آخری مراحل میں تھی برآمد کی گئی۔ ابتدائی طور پر بتایا جا رہا تھا کہ لاش ایک ماہ پرانی ہے، لیکن بعد ازاں ابتدائی پوسٹ مارٹم رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ لاش 8 سے 10 ماہ پرانی ہے۔