برائن لارا کا 21 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے بچ گیا
ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان اور جارحانہ بلے باز برائن لارا کا ٹیسٹ کرکٹ میں 400 رنز بنانےکا 21 سالہ ریکارڈ ٹوٹنے سے بچ گیا۔
جنوبی افریقہ کے قائم مقام ٹیسٹ کپتان ویان ملڈر نے زمبابوے کے خلاف 367 رنز کے انفرادی اسکور پر اننگز ڈیکلیئر کرکے دنیائے کرکٹ کو حیران کردیا، یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کا پانچواں سب بڑا انفردی اسکور ہے۔
بلاوائیو میں جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ نے دنیائے کرکٹ کی توجہ اُس وقت حاصل کی جب جنوبی افریقہ کے کپتان ویان ملڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ کی دوسری تیز ترین ٹرپل سنچری صرف 297 گیندوں پر مکمل کر لی۔
یہی نہیں بلکہ کھانے کے وقفے تک ملڈر نے 367 رنز بنائے تو برائن لارا کا 400 رنز کا ریکارڈ خطرے میں دکھائی دینے لگا، تاہم کپتان ویان ملڈر نے لنچ بریک کے دوران اننگز ڈیکلیئر کرکے سب کو سوچنے پر مجبور کر دیا۔
پروٹیز کپتان کے اس فیصلے پر سوشل میڈیا پر کھلاڑیوں، کرکٹ صحافیوں اور فینز نے ملے جلے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
جنوبی افریقی اسپنر تبریز شمسی نے کہا کہ ملڈر یہ آپ نے کیا کیا ؟ ٹیسٹ کا صرف دوسرا دن تھا 400 کا عالمی ریکارڈ توڑنا چاہیے تھا۔
دوسری جانب آئی سی سی سربراہ جے شاہ، کرکٹ جرنلسٹس اور فینز نے انفرادی ریکارڈ کے بجائے ٹیم کے مفاد کو مقدم رکھنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
آئی سی سی سربراہ نے لکھا کہ ویان ملڈر کوبلاوائیو میں شاندار اننگز کھیلنے پر مبارکباد!
ٹیسٹ کرکٹ میں کسی بھی جنوبی افریقی بیٹر کی جانب سے سب سے بڑی انفرادی اننگز، اور بیرونِ ملک کسی بھی کھلاڑی کی سب سے بہترین ٹیسٹ اسکور اور اس شاندار کارکردگی کا اختتام ایک بے غرض ڈیکلریشن کے ساتھ، واقعی قابلِ تحسین!
ویان ملڈر کی جانب سے دوسرے روز کے پہلے سیشن کے اختتام پر اننگز ڈکلیئر کرنے پر یہ رائے بھی سامنے آئی کہ ٹیسٹ میچ جیتنے کے لیے بہت وقت باقی تھا ملڈر کا ڈیکلئیریشن کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر ہے۔
کرکٹ جرنلسٹ ارفا فیروز زکی نے ایکس پر لکھا کہ ’دال میں ضرور کچھ کالا ہے، ایک ایسے وقت میں جب ملڈر برائن لارا کا تاریخ ساز ریکارڈ توڑ سکتے تھے، جنوبی افریقہ کی جانب سے اننگز ڈکلیئر کرنے کے فیصلہ کر لیا گیا، آئی سی سی کو اس معاملے کی ضرور جانچ پڑتال کرنی چاہیے، کوئی بھی اس فیصلے کی توقع نہیں کر رہا تھا‘۔
لوسیفر نامی صارف نے ایکس پر لکھا کہ دوسرے روز کے پہلے سیشن میں اس (ملڈر) نے اننگز کیوں ڈکلیئر کی ؟ ویان ملڈر اچھا کھیل رہا ہے اس کے پاس موقع تھا کہ 400 سے زائد رنز بنا کرریکارڈ اپنے نام کرتا۔
واضح رہے کہ جنوبی افریقی بیٹر ویان ملڈر سے قبل برائن لاار 2004 میں انگلینڈ کیخلاف 400 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیل کے اس فہرست میں آج بھی سب سے اوپر ہیں جبکہ میتھیو ہیڈن 2003 میں زمبابوے کیخلاف 380 رنز بنا کر دوسرے نمبر پر، برائن لارا 1995 میں انگلینڈ کیخلاف 375 رنز بنا کر تیسرے ، مہیلا جیوردھنے نے 2006 میں جنوبی افریقہ کیخلاف 374 رنز بنا کر چوتھے نمبر پر موجود ہیں۔