ایک اور امریکی لڑکی کو نوجوان کی محبت پاکستان کھینچ لائی

امریکی ریاست شکاگو سے تعلق رکھنے والی مینڈی سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد نوجوان سے ملنے پاکستان پہنچ گئی اور دونوں عنقریب اسلامی اصولوں اور مقامی رسم و رواج کے مطابق کل نکاح کریں گے۔ سوشل میڈیا پر ایک اور غیر ملکی خاتون کی پاکستانی نوجوان کی محبت میں گرفتار ہوکر اسلام آباد پہنچنے کی ویڈیو وائرل ہے، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نوجوان امریکی لڑکی کا ایئرپورٹ پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا اور وہ بھی انتہائی خوش دکھائی دے رہی ہیں۔ پولیس کے مطابق امریکی ریاست شکاگو سے تعلق رکھنے والی مینڈی خیبرپختونخوا کے ضلع اپر دیر سے تعلق رکھنے والے نوجوان ساجد زیب خان سے شادی کرنے کے لیے پاکستان آئی ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ دونوں کے درمیان فیس بک پر رابطہ ہوا جو دوستی میں تبدیل ہوا اور دوستی کا یہ سلسلہ کئی سالوں تک جاری رہا، جو نہ صرف محبت میں تبدیل ہوا بلکہ نوجوان کی محبت امریکی خاتون کو پاکستان کھینچ لائی۔ اس حوالے سے پاکستانی نوجوان ساجد زیب کا کہنا تھا کہ کچھ ٹائم قبل مینڈی نے مجھے شادی کے لیے پوچھا تو میں نے ہاں کردی اور پھر ہم دونوں نے اپنے گھر والوں کو اعتماد میں لیا۔ نوجوان نے مزید بتایا کہ اتوار کو مینڈی اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی تو میرے اہل خانہ نے گلدستہ پیش کرکے ان کا استقبال کیا جبکہ ہم جلدی اپنے گاؤں پہنچ کر خاندان والوں کی مشاورت سے فوراً شادی کرلیں گے۔ اس موقع پر امریکی خاتون کا کہنا تھا کہ وہ پہلی بار پاکستان آئی ہے اور یہاں پہنچنے پر معلوم ہوا کہ پاکستان خوبصورت اور پرامن ملک ہے۔ خیال رہے کہ رواں ماہ ہی سوشل میڈیا پر دوستی کے بعد امریکی خاتون نے جھنگ پہنچ کر نوجوان سے شادی کی تھی۔ ساؤتھ کیرولینا کی رہائشی 27 سالہ امریکی خاتون کیرنشا میڈسائن گریس کی جھنگ کے رہائشی 29 سالہ نعیم الحسن سے 2 سال قبل سوشل میڈیا کے ذریعے دوستی ہوئی تھی۔ امریکی خاتون نے اسلام قبول کرکے اپنا اسلامی نام کنیز عائشہ رکھ لیا اور نکاح کرکے مقامی عدالت میں اپنا بیان ریکارڈ کروایا تھا۔ اس سے قبل، ایک اور امریکی خاتون اونیجا اینڈریو رابنسن نوجوان کی محبت میں پاکستان پہنچی تھیں تاہم انہیں وہ اپنی محبت حاصل کرنے میں ناکام رہیں اور انہیں ناکام واپس لوٹنا پڑا تھا۔ اسی طرح، چند روز قبل تیونس سے تعلق رکھنے والی 19 سالہ سندہ ایاری کی کراچی کے نوجوان سے محبت کی داستان سامنے آئی تھی۔ تیونس کی رہائشی سندا ایاری کی کھڈا مارکیٹ لیاری کے رہائشی محمد عامر سے سوشل میڈیا پر دوستی ہوئی تھی، جو بعد ازاں محبت میں تبدیل ہو گئی، اور وہ شادی کے لیے 28 نومبر 2024 کو کراچی پہنچی تھی۔ شادی کے ابتدائی چند ماہ تک دونوں کے تعلقات خوشگوار رہے تھے، لیکن بعد ازاں معمولی باتوں پر تلخیاں شروع ہوئی تھیں، میاں بیوی کے درمیان جھگڑے کے بعد عامر نے شادی کے سات ماہ بعد اسے طلاق دے دی تھی اور ایک ریسٹورنٹ پر چھوڑ کر چلا گیا تھا۔ طلاق کے بعد سندا کا پاکستان میں قیام مشکل ہو گیا تھا کیونکہ اس کا 90 روزہ ویزا 18 فروری کو ختم ہو چکا تھا، وطن واپسی کا کوئی راستہ نہ ہونے کے باعث وہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہو گئی تھی اور لیاری میں خودکشی کی کوشش بھی کی تھی۔ بعد ازاں، انہیں سفارتخانے کے حوالے کیا گیا تھا، جہاں سے انہیں پہلے اسلام آباد اور پھر اپنے ملک واپس روانہ کیا گیا تھا۔