یوفون کے 20 سال سے زائد عرصے سے صارف ایک شہری نے بیرونِ ملک رومنگ سروس اور بلنگ کے حوالے سے سنگین شکایت درج کرائی ہے۔
صارف کے مطابق وہ 9 اگست کو اردن کے شہر عمان پہنچا تو اس نے یوفون کا 200 ایم بی کا رومنگ انٹرنیٹ پیکیج فعال کیا۔ کمپنی کی جانب سے پیکیج کی کامیاب سبسکرپشن کا پیغام بھی موصول ہوا، جس کے بعد اس نے انٹرنیٹ استعمال کیا۔
صارف کا دعویٰ ہے کہ عمان ایئرپورٹ پر اس نے صرف 83.2 ایم بی ڈیٹا استعمال کیا، لیکن سعودی عرب کے شہر جدہ پہنچنے پر اس کی سم کی سروسز بند ہوگئیں۔
صورتحال اس وقت مزید حیران کن ہوگئی جب صارف نے 5 ہزار روپے کی ادائیگی بھی کردی، مگر کچھ ہی دیر بعد اسے پیغام موصول ہوا کہ سروسز بحال کرنے کے لیے 39 ہزار 705 روپے جمع کرائیں۔
صارف کے مطابق صبح 10 بج کر 58 منٹ پر اسے سم دوبارہ فعال ہونے کا پیغام ملا، لیکن اسی وقت ایک اور پیغام میں نمبر بحال کرنے کے لیے 6 لاکھ 3 ہزار 900 روپے ادا کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
شہری کا کہنا ہے کہ اس دوران یوفون کا سسٹم مسلسل 200 ایم بی انٹرنیٹ باقی ہونے کا پیغام بھی دکھاتا رہا، حالانکہ وہ 83.2 ایم بی استعمال کرچکا تھا۔
متاثرہ صارف نے یوفون اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی، پی ٹی اے، دونوں کو شکایات درج کرائی ہیں، تاہم اس کے مطابق تاحال نہ مسئلہ حل ہوا ہے اور نہ ہی اسے کوئی تسلی بخش جواب ملا ہے۔
شہری نے مطالبہ کیا ہے کہ متنازعہ رومنگ چارجز کی تحقیقات کی جائیں، غلط بلنگ درست کی جائے اور اس کی موبائل سروس بحال کی جائے۔
سوال یہ ہے: بیرونِ ملک سفر کرنے والے صارفین کو رومنگ پیکیج فعال کرنے کے باوجود اچانک لاکھوں روپے کی ادائیگی کے پیغامات کیوں موصول ہوسکتے ہیں؟
یوفون اور پی ٹی اے کا مؤقف سامنے آنے پر اسے بھی خبر کا حصہ بنایا جائے گا