حکومت سندھ سیاحت کے فروغ کے لیے پرائیویٹ شعبے کو کو ہر قسم کی سہولتیں پہنچانے کے لیے تیار ہے
_تقریب سے سید ناصر حسین شاہ وزیر بلدیات ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ اور سید ذوالفقار علی شاہ وزیر سیاحت ثقافت و اثار قدیمہ کا خطاب.
21 کراچی: سندھ کے وزیر بلدیات ہاؤسنگ ٹاؤن پلاننگ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ سیاحت کے فروغ کے لیے بہت سے منصوبوں پر عمل درآمد کر رہی ہے وہ ماہنامہ اطراف ‘ٹریول ایجنٹس ایسوسیی ایشن اور حکومت سندھ کے اشتراک سے ہونے والی ایک تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب کا مقصد سندھ میں روحانی تاریخی ثقافتی اور تفریحی سیاحت کا فروغ تھا۔ ٹریول اور ٹورزم کی صنعت اور تجارت سے وابستہ اہم شخصیات اور عہدے دار تقریب میں شریک تھے۔ ان کے علاوہ حکومت سندھ کے اہم افسران سفر نامہ نگار وی لاگرز کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
تقریب میں نمایاں اہل قلم نے بھی شرکت کی ۔ سماعت اور گویائی سے محروم طلبہ و طالبات نے اشاروں میں قومی ترانہ پیش کیا ۔وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ وزیر سیاحت ثقافت اور آثار قدیمہ سید ذوالفقار علی شاہ کو اچانک پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ہدایت پر اسلام آباد جانا پڑا۔
حکومت سندھ کی وزارت سیاحت نے گو رکھ ہل کی تزئین و آرائش پر بہت توجہ دی ہے اب نتھیا گلی اور مری جانے والے گورکھ ہل کا عزم کر سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کینجھر جھیل اور ہاکس بے حد خوبصورت تفریح گاہیں ہیں۔ سندھ میں تاریخی قلعے مقبرے اور محلات بھی قابل دید ہیں۔ سردیوں کے مہینے جب سیاح شمالی علاقوں میں برف باری اور راستے بند ہونے کے باعث نہیں جا سکتے تو سندھ بہت خوشگوار موسم میں ان دنوں میں دلکش سیاحتی مواقع پیش کرتا ہے۔
وزیر سیاحت و ثقافت اور اثار قدیمہ سید ذوالفقار علیشاہ بھی تقریب کے اختتام سے قبل اسلام آباد سے کراچی واپس پہنچنے پر کراچی ایئرپورٹ سے سیدھے تقریب میں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی میزبانی کے لیے دلکش سیاحتی مواقع پیش کرتا ہے ۔
حکومت سندھ سیاحت کے لیے پرائیویٹ شعبے سے ہر قسم کا تعاون کرنے کو تیار ہے گورکھ ہل پر سیاحوں کے لیے مزید توسیع اور تزئین کی جا رہی ہے کراچی سے کھوکھراپار تک سفارتی ٹرین کا تجربہ بھی بہت کامیاب رہا ہے تمام سیاحتی مقامات پر جدید ترین سہولتیں فراہم کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔ انہوں نے اطراف کے ایڈیٹر اور سینیئر صحافی محمود شام کی طرف سے اطراف میں سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی صفحات کی پیشکش اور تمام ذمہ داروں کے لیے ایک شایان شان تقریب منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
تقریب سے محمود شام سردار رفیق خان یحیی پولانی ندیم شریف خواجہ جہانزیب فیصل احسان فیاض علی شاہ مینجنگ ڈائریکٹر سندھ سیاحتی ترقیاتی کارپوریشن سفر نامہ نگاروں اور وی لاگرز نے بھی خطاب کیا ۔تقریب میں شاہ لطیف کے سروں پر مبنی موسیقی کا پروگرام بھی سامعین نے بہت پسند کیا۔