اسلام آباد میں داخلے کے لیے ای ٹیک کی شرط — ایم ٹیک رکھنے والوں کو نئی ٹیک لینے کی ضرورت نہیں
اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) دارالحکومت انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ وہ گاڑیاں جن پر پہلے سے ایم ٹیک (M-Tag) لگا ہوا ہے، انہیں اسلام آباد میں داخلے کے لیے حال ہی میں متعارف کرائی گئی ای ٹیک (E-Tag) کے لیے الگ سے درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق ایم ٹیک رکھنے والی گاڑیاں نئے سسٹم کے تحت خود بخود رجسٹرڈ تصور ہوں گی، اس لیے شہریوں کو کسی اضافی کارروائی یا نیا ٹیگ بنوانے کی زحمت نہیں کرنا پڑے گی۔
اسلام آباد میں داخلے کے لیے انتظامیہ نے سکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ بہتر بنانے کی غرض سے ای ٹیک کا اجرا شروع کر دیا ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ مزید تفصیلات یا رہنمائی کے لیے آن لائن دستیاب معلومات سے بھی مدد لی جا سکتی ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ گاڑیوں کی دستاویزات ہمراہ رکھیں اور جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں تاکہ داخلے کے عمل میں کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔