آپریشن مہادیو کی ہمارے نزدیک کوئی اہمیت نہیں، بھارتی وزیر داخلہ کے بیانات من گھڑت ہیں، دفتر خارجہ
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے کہ آپریشن مہادیو کی ہمارے نزدیک کوئی اہمیت نہیں، بھارتی وزیر داخلہ کے بیانات من گھڑت ہیں، پاکستان آپریشن سندور پر بھارتی رہنماؤں کے اشتعال انگیز بیانات کو مسترد کرتا ہے، بھارت اپنا کوئی بھی تزویراتی ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہا، افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کا مؤثر جواب دیا۔
ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران کہا کہ پہلگام حملے کے بعد بھارت خود جج، جیوری اور جلاد کا کردار ادا کرتا رہا، عجب اتفاق ہے کہ بھارتی لوک سبھا کی بحث کے آغاز پر پہلگام واقعے کے مبینہ ملزمان مارے گئے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت آپریشن مہادیو کے نام پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے، پاکستان کسی بھی جارحیت کا بھرپور جواب دے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم بھارتی رہنماؤں کے سندھ طاس معاہدے پر بیانات کو مسترد کرتے ہیں، بھارت غلط معلومات جنگی جنون پر انحصار کر رہا ہے۔
اس موقع پر ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ نائب وزیراعظم امریکا کے سرکاری دورے پر تھے، 24 جولائی کو انہوں نے اقوام متحدہ اور اسلامی تعاون پر اجلاس کی صدارت کی۔
ترجمان نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے تنازع پر اپنی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور ڈپٹی وزیراعظم کے کشمیر سے متعلق بیان کے بارے میں مختلف قیاس آرائیاں بے بنیاد اور غیر ضروری ہیں۔
شفقت علی خان نے کہا کہ پاکستان کا ہمیشہ یہی مؤقف رہا ہے کہ جموں و کشمیر کی حتمی حیثیت متعلقہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق طے ہونا ہے۔
ڈپٹی وزیراعظم کے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے بارے میں مبینہ بیان پر انہوں نے واضح کیا کہ اس مسئلے پر بھی پاکستان کے مؤقف میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
ترجمان نے کہا کہ امریکا میں اٹلانٹک کونسل سے ڈپٹی وزیراعظم و وزیر خارجہ کی گفتگو کے دوران ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے کیس کا ذکر غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ہمیشہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے سفارتی اور قانونی ذرائع اختیار کیے ہیں اور اس مقصد کے لیے پرعزم ہے۔
شفقت علی خان نے کہا کہ 2010 میں ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی سزا کے بعد سے پاکستان نے ان کے معاملے کو ترجیح دی ہے اور ان کے حقوق اور انسانی پہلوؤں کے تحفظ کے لیے اعلیٰ سطح کی سفارت کاری، رحم کی اپیل، قونصلر رسائی اور قانونی امداد فراہم کی ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پر حکومت کی کوششوں کو مسخ کرنے کی کوششوں پر افسوس کا اظہار کیا۔
ترجمان نے کہا کہ حکومت ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی رہائی کے لیے بھرپور اور مسلسل جدوجہد جاری رکھے گی اور اس دوران بین الاقوامی قوانین اور دو طرفہ تعاون کے اصولوں کو مدنظر رکھا جائے گا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان کل پاکستان پہنچیں گے
قبل ازیں ترجمان دفتر خارجہ ایک بیان میں کہا تھا کہ ایرانی صدر مسعود پزشکیان ہفتے کو پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کریں گے۔
ترجمان کے مطابق ایرانی صدر مسعود پزشکیان وزیر اعظم شہباز شریف کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کررہے ہیں، یہ ایرانی صدر کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ دورے سے دونوں ممالک کے درمیان برادارنہ تعلقات مزید مضبوط ہوں گے۔
ترجمان دفترخارجہ نے بتایا کہ یہ ایرانی صدر کا پہلا سرکاری دورہ پاکستان ہے، ایرانی صدر کے ہمراہ ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی پاکستان تشریف لارہا ہے۔